• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیزرٹ جیپ ریلی،نادرمگسی کے نام،زین محمود کی دوسری پوزیشن

بہاول پور(نمائندہ جنگ ) 14ویں چولستان جیپ ریلی نادر مگسی نےجیت لی ۔ زین محمود نےدوسری جبکہ صاحبزادہ سلطان نےتیسری پوزیشن حاصل کی۔ صحرائے چولستان بہاولپور میں 14 سے 17 فروری تک جاری رہنے والی 14 ویں چولستان جیپ ریلی 2019 کی پری پیئرڈ گاڑیوں کی دوڑ میں دفاعی چیمپئن نادرمگسی نے مجموعی طور پر 466 کلومیٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے 30 منٹ اور 35 سیکنڈ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرنے کیساتھ بطور چیمپئن اپنے اعزاز کا دفاع کیا۔بہاولپور ایشیا گروپ کے زین محمود نے مقررہ فاصلہ 4 گھنٹے 39 منٹ اور 26 سیکنڈ میں طے کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ صاحبزادہ سلطان نے 4 گھنٹے اور 42 منٹ میں فاصلہ طے کرکے . تیسری پوزیشن حاصل کی۔ قبل ازیں صوبائی وزیرسیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے جرمن ایمبسڈر مارٹن کوبلر کے ہمراہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے تیسرے روز پری پیئرڈ کیٹیگری کے فائنل مرحلے کا افتتاح کیا اور فلیگ آف کرکے ڈرائیورز کوروانہ کیا۔ اس موقع پرایم ڈی ٹی ڈی سی احمرملک اورشائقین کی بڑی تعداد فائنل مقابلہ دیکھنے کیلئے موجود تھی صوبائی وزیرسیاحت نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ چولستان جیپ ریلی پاکستان کابہت بڑا اسپورٹس ایونٹ ہے اس موٹر اسپورٹس کی ترقی کے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ جرمن سفیر مارٹن کوبلرنے کہاکہ صحرائے چولستان میں بہت انجوائے کیا۔ ریلی پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان زندہ بادکے نعرے بھی لگائے۔
تازہ ترین