• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی ممبران پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے معاونت کریں، چوہدری یٰسین

سٹوک آن ٹرینٹ (نمائندہ جنگ) برطانوی اور یورپی ارکان پارلیمنٹ اور کشمیری رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے کمشنر کی رپورٹ پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ برطانوی پارلیمنٹ کے کشمیر گروپ کی رپورٹ اور اگلے ہفتے یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق پر سماعت سے بھارتی افواج کے مظالم اور عالمی برادری کی طرف سے مسئلہ کشمیر کی طرف توجہ بیرون ملک کشمیریوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ برطانیہ اور یورپ کے ہر ایوان میں کشمیریوں کے دوست موجود ہیں جو بلاامتیاز سیاسی وابستگی، حق خودارادیت کے حصول تک ان کی جدوجہد میں معاونت جاری رکھیں گے۔ بھارت مسئلہ کشمیر پر پاکستان سے جلد از جلد مذاکرات کا آغاز کرے، جن میں کشمیریوں کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ برطانیہ اور یورپ میں مقیم کشمیری اپنے مظلوم بہن، بھائیوں کی آواز بن کر عالمی سطح پر ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور یورپ کے بعد جنیوا اور امریکہ میں اقوام متحدہ کے سامنے بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور کشمیر پر پاس قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے جدوجہد تیز کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کے زیراہتمام سٹوک آن ٹرینٹ میں پیپلز پارٹی کے صدر محمد نوید مغل کی معاونت سے منعقدہ کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت راجہ نجابت حسین نے کی جب کہ مہمان خصوصی آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین تھے، اس موقع پر یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن انتھیا میکنٹائر ایم ای پی، برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر گروپ کے سینئر وائس چیئرمین جیک بریئرٹن ایم پی، مقامی ممبران پارلیمنٹ روتھ سمتھ، گیرتھ سنیل، لیبر پارٹی کے پارلیمانی امیدوار مارک میکڈونلڈ، رازق بھٹی، سابق لارڈ میئر چوہدری باعفلی، کونسلر امجد وزیر، ہیری بوٹا، چوہدری محمد اکرم، چوہدری محمد صغیر پوٹھی، ڈاکٹر عبدالصبور جاوید اور دیگر رہنمائوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے پلوامہ میں ہونے والی دہشت گردی کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور اس واقعے کی آڑ میں جموں اور وادی میں نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور بھارتی افواج کے مظالم کو بند کرانے کا مطالبہ کیا اور اس ساری صورت حال کو برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ میں اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی قائد حزب اختلاف آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اگر بھارتی مظالم سے تنگ آکر لوگ آواز اٹھاتے ہیں تو بھارتی افواج گھروں میں گھس کر نوجوانوں کو شہید کررہی ہیں اور عورتوں اور بچوں پر بھی تشدد کررہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام جس بہادی اور جرأت سے اپنے وطن کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ہم ان کی آواز بن کر عالمی سطح پر کوششیں بہتر کریں گے۔ انہوں نے ممبران پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ ایوان میں کشمیریوں کا نکتہ نظر پیش کریں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے میں ہماری معاونت کریں۔ انہوں نے برٹش کشمیریوں کی طرف سے لندن، برسلز اور دنیا کے ہر دارالحکومت میں کشمیریوں کے حق میں مظاہرے کرنے اور ممبران پارلیمنٹ سے رابطوں پر خصوصی خراج تحسین پیش کیا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تنظیم نے ممبران پارلیمنٹ، آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین کے علاوہ برٹش کشمیریوں کے تعاون سے گزشتہ چند سال میں مسئلہ کشمیر پر متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں اور کشمیری عوام کے تمام حقوق ملنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور آئندہ ہفتے میں برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے ممبران پارلیمنٹ کو آگاہ کریں گے۔ یورپی پارلیمنٹ میں ویسٹ مڈ لینڈ کی کنزرویٹو ممبر انتھیا میکنٹائر نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں تشدد اور ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں امن بحال کرکے وہاں کے عوام کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے اور بھارت اقوام متحدہ اور برطانوی پارلیمنٹ کی رپورٹ پر عملدرآمد کرکے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کو بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فرینڈز آف کشمیر کی شریک چیئرپرسن کی حیثیت سے کشمیری عوام کا کیس لڑ رہی ہیں اور اگلے ہفتے ہماری انسانی حقوق کی کمیٹی میں جو سماعت واجد خانMEPکی کاوشوں سے ہورہی ہے اس میں ہم یورپی یونین کی خارجہ امور کی نائندہ موگرینی سے مطالبہ کریں گی کہ وہ بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اعلیٰ سطح پر اٹھائیں اور کشمیری عوام کو حقوق دلوانے کے لیے آواز بلند کریں۔ برطانوی پارلیمنٹ میں قائم کشمیر گروپ کے سینئر وائس چیئرمین جیک بریئرٹنMPنے کہا کہ ان کے گروپ نے کشمیریوں کے حق میں رپورٹ مرتب کرکے بھارت کو ایک واضح پیغام دیا ہے اور ہم ہر طرح کی دہشت گردی کی مذُت کرتے ہیں جس میں چاہے حکومتیں شامل ہوں یا دہشت گرد گروپ، مسئلہ کشمیر ایک سیاسی اور ایک قوم کے مستقبل کا مسئلہ ہے، جسے پرامن طریقے سے حل کرنا ہوگا اور وہ اپنے دیگر ساتھیوں سے مل کر برطانوی پارلیمنٹ میں مفصل بحث کے لیے بھی کوششیں تیز کریں گے۔ سٹوک کی لیبر رکن پارلیمنٹ روتھ سمتھ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے5فروری کے مظاہرے میں کشمیریوں کے ساتھ برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا اور آئندہ بھی نہ صرف پارلیمنٹ میں بلکہ اپنے شہر میں بھی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کریں گی۔ مقامی ممبر پارلیمنٹ گیرتھ سنیلMPنے کہا کہ مقامی کونسلرز انہیں مسئلہ کشمیر کے حالات سے آگاہ رکھتے ہیں اور وہ اپنی پوری کوشش کریں گے کہ اپنے حلقے کے عوام اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اپنی پاٹی لیڈر شپ کے علاوہ حکومت تک بھی آواز پہنچاسکیں۔ اس موقع پر نوید مغل نے تمام مہمانوں خصوصاً چوہدری محمد یٰسین، راجہ نجابت حسین اور ممبران پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی مسئلہ کشیر پر متحرک کردار ادا کریں۔

تازہ ترین