اسلام آباد (صالح ظافر، ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں، یہاں سے جانے والی حاجیوں اور وہاں قید پاکستانیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی پرزور درخواست کی۔ عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز میرے لیے انتہائی اسپیشل ہیں جو میرے دل میںرہتے ہیں، وزیراعظم نے ولی عہد سے پاکستانی حجاج کیلئے تین بڑے سعودی ایئرپورٹس پر امیگریشن کا انتظام کرنے کی درخواست کی۔جس پر شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ میں آپ کو انکار نہیں کرسکتے اس حوالے سے جو ممکن ہوا کروں گا۔ ہم سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کیلئے ہرطرح کی ممکنہ سہولیات فراہم کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے جب ان سے سعودی جیلوں میں قید تین ہزار پاکستانیوں کے معاملے پر مداخلت کیلئے کہا تو سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ ’’آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں۔‘‘ وزیراعظم نے روایات کے برعکس یہ معاملہ ولی عہد کے خطاب کے بعد اٹھایا۔ وزیراعظم عمران خان نے فی البدیع خطاب کیا جبکہ مہمان شخصیت نے بھی کسی کاغذ کی مدد کے بغیر ہی خطاب کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محنت کش پاکستانی سعودی عرب میں مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کرتے ہیں، یہ لوگ میرے دل کے قریب ہیں، ان میں سے تین ہزار ایسے ہیں جو معمولی خلاف ورزیوں پر جیلوں میں قید ہیں، میں چاہتا ہوں کہ آپ ان لوگوں کے معاملے کو ہمدردانہ انداز سے دیکھیں۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ سے یہ بھی درخواست کی کہ پاکستان سے حج کیلئے روانہ ہونے والے عازمین کیلئے تین بڑے ایئرپورٹس پر امیگریشن کا انتظام کیا جائے۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم ہائوس میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سے سعودی عرب حج کیلئے جانے والے پاکستانیوں کی پاکستان میں امیگریشن کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کیلئے مراعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار کام کرنے والے یہ لوگ میرے لئے انتہائی اسپیشل ہیں جو میرے دل میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنے رشتے داروں اور بچوں سے دور کام کرکے پاکستان میں زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔ انہوں نے ولی عہد سے خصوصی درخواست کی کہ ان مخصوص اور انتہائی اہم لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں کیونکہ وہ اپنا گھر بار اور اہل و عیال کو چھوڑ کر کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نے سعودی ولی عہد کی توجہ سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی طرف بھی دلوائی۔اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سعودی عرب میں کام کرنے والے کارکنوں کی سہولیات کے حوالے سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ہم سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کیلئے ہرطرح کی ممکنہ سہولیات فراہم کریں گے۔