• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی مینڈیٹ تسلیم نہیں کرتے حکمرانوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی، فضل الرحمٰن

مردان (نمائندہ جنگ ) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ تسلیم نہیں کرتے حکمرانوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی،کسی کو اسرائیل تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دینگے،بعض آمرانہ ذہنیت کے لوگ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے اور صدارتی نظام لانے کی بات کر کے وفاقی نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، حکمرانوں نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے حکومت کی ناقص پالیسیوں کے نتیجے میں معیشت کی عمارت زمین بوس ہوچکی ہے پاکستانی روپے کی قدر کو خاک میں ملادیا گیا ہے اور ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کردیا گیا ہے ،ہم جعلی مینڈیٹ کو کسی صورت میں بھی تسلیم کرنے کو تیار نہیں حکمرانوں کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی ۔وہ مردان میں جے یو آئی کے زیر اہتمام تحفظ ختم نبوت ملین مارچ کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے جس میں مردان کے علاوہ صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔جلسے سے جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری، صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا شجاع الملک ،جے یو پی کے مرکزی جنرل سیکریٹری شاہ اویس نورانی ،جماعت اسلامی کے رہنماء عبدالاکبر چترالی، سابق وزیر اعلی اکرم خان درانی ،جے یو آئی کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان ،مفتی کفایت اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مولانافضل الرحمٰن نے کہاکہ اٹھارو یں ترمیم کو پارلیمنٹ نے منظور کرکے صوبوں کی خود مختاری تسلیم کی ہے لیکن بعض آمرانہ ذہنیت کے لوگ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے اور صدارتی نظام لانے کی بات کہہ کر وفاقی نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جو ملک کے آئین کو سبو تاژ کرنے کے مترادف ہیں لیکن ہم نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایاہےاور آئین کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ۔قرضہ لینے پر خودکشی کو ترجیح دینے والوں کے دور میں روزانہ کے حساب سے پندرہ ارب روپے کا قرضہ لیا جارہا ہے اور قوم کے کندھوں پر قرضوں کا بوجھ لادا جارہاہے۔

تازہ ترین