• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلوامہ حملے میں بھارت کا اپنا بارودی مواد استعمال ہونیکا انکشاف

نئی دہلی(خبرایجنسی، جنگ نیوز)بھارتی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہودا نے اعتراف کیا ہے کہ پلوامہ حملے میں بھارت کا ہی بارود استعمال کیا گیا،حملے میں ساڑھے سات سو پاؤنڈ بارود استعمال کیا گیا،بھارتی جنرل نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ یہ ممکن نہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں بارود در اندازی کرکے اتنی دور لایا جاسکے۔بھارت کے ایک ریٹائرڈ فوجی جنرل نے پلوامہ حملے کے رد عمل میں پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کے رد عمل میں احتیاط برتنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہےکہ کشمیر کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے مصالحت کی راہ اختیار کی جائے۔بھارتی فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہودا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرچہ پاکستان کے خلاف کسی نہ کسی قسم کی فوجی کارروائی کے اس وقت امکانات کافی زیادہ ہیں تاہم وہ امید کرتے ہیں کہ کشمیری تنازعے سے منسلک تمام فریقین سوچ بچار کے ساتھ اور مصالحت سے کام لیں۔ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہودا پاکستان کے ساتھ لگنے والے سرحدی علاقے کے قریب بھارتی فوج کی شمالی کمان اور اس علاقے میں انسداد دہشت گردی کے آپریشنز سنبھالتے تھے۔ یہ وہی جنرل ہیں، جنہوں نے لائن آف کنٹرول کے پاس اڑی کے علاقے میں ایک حملے میں انیس بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ستمبر سن 2016 میں پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکس کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ بھارتی فوج کے ریٹائرڈ جنرل ڈی ایس ہودا نے کہاکہ کشمیر میں حالات دیکھتے ہوئے مجھے اس دھماکے پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی، ان کے بقول وہ امید کرتے ہیں کہ اس حملے کے بعد گہری سوچ بچار کے ساتھ تمام حقائق کا جائزہ لیا جائے اور اس پر غور کیا جائے کہ کشمیر کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین