• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب 5ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹوں میں کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کریگا

اسلام آباد (حنیف خالد) سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ نے پاکستان کو 45ارب 8کروڑ (32کروڑ 20لاکھ امریکن ڈالرز) انفراسٹرکچر کیلئے امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیلئے پاکستان کے اقتصادی امور ڈویژن کے ساتھ یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔ یہ رقم سعودی ولی عہد کے حکم پر پاکستان میں ہسپتالوں‘ تعلیمی اداروں‘ شاہراہوں‘ پلوں اور دوسرے انفراسٹرکچر پر خرچ کی جائیگی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سعودی عرب نے بلوکی ایل این جی پاور پلانٹ اور حویلی بہادر شاہ ایل این جی پاور پلانٹ کی خریداری کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ کمبائنڈ سائیکل یہ پاور پراجیکٹس سابقہ حکومت نے امریکی کمپنی جنرل الیکٹر کس کے تعاون سے بنائے لیکن موجودہ حکومت نے اسے پرائیویٹائز کرنے کا اصولی فیصلہ کیا۔ دونوں میں ہر ایک پاور پراجیکٹ 1240میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ یہ پراجیکٹ 2‘ 2ارب ڈالرز کے لگ بھگ رقم سے سعودی سرمایہ کار خریدنے والے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گوادر ریفائنری جو تین سے پانچ سال میں پٹرولیم پراڈکٹس کمپلیکس سمیت بنے گی‘ یہ چودہ اقسام کی پٹرولیم مصنوعات بنایا کریگی۔ اس میں موٹر سپرٹ (پٹرول)‘ جیٹ فیول‘ ہائی سپیڈ ڈیزل آئل‘ ہائی آکٹین بلینڈنگ کمپوننٹ (HOBC)‘ فرنس آئل‘ مٹی کا تیل‘ تارکول‘ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے کیمیکلز‘ تھنر‘ پینٹس میں استعمال ہونے والی پٹرولیم کی مصنوعات بھی بنا کریں گی۔ اس کیلئے سارا کام تیل سعودی عرب فراہم کریگا جو یومیہ تین لاکھ بیرل ہوا کریگا۔
تازہ ترین