ملتان (سٹاف رپورٹر)مینٹی نینس کے سلسلے میں آج سے شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل 5گھنٹے بجلی بند رہے گی ، میپکو انتظامیہ نے مینٹی نینس کے لئے ریجن بھر میں آج سے روزانہ ہر سب ڈویژن کا ایک فیڈر 5گھنٹے کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس اقدام سے ملتان سمیت ریجن بھر کے متعدد علاقے متاثر ہوں گے ،صارفین کے مطابق بجلی کی مسلسل 5گھنٹے بندش سے مسائل پیدا ہو ں گے، کافی عرصے سے مینٹی نینس کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے ۔دریں اثنا شہر کے بڑے حصے کو بجلی فراہم کرنےو الا 132 کے وی بوسن گرڈسٹیشن اتوار کے روز گھنٹوں بند رہا، چھٹی کے روز گرڈسٹیشن کی بندش سے ہزاروں صارفین شدید مسائل اور پریشانی کا شکاررہے،صارفین کے مطابق گرڈ سٹیشن مسلسل پانچویں اتوار کو گھنٹوں بند رکھا گیا، بجلی کی اس طویل بندش سے گھریلو صارفین سب سے زیادہ متاثر ہوئے، تاجر وتجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح سے متاثر ہوئیں،صارفین کے مطابق ہر اتوار کے روز بجلی 8 بجے صبح بند کردی جاتی ہے اور ایک بجے ، ڈیڑھ بجے بحال کی جاتی ہے،5سے ساڑھے5گھنٹے تک بجلی کی طویل بندش کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی جاتی ہے اور متعلقہ سب ڈویژن، گرڈ سٹیشن بھی صارفین کو بجلی کی بندش کی وجوہات بتانے سے قاصر رہے، میپکو حکام کے مطابق گرڈسٹیشن سے شمس آباد چوک تک کھمبوں ، کنڈکٹر کی منتقلی اور تبدیلی کے سلسلہ میں بجلی کی فراہمی بند رکھی گئی اور اس کی پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔