• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سدھو بھارتی انتہا پسندی کا شکار، کامیڈی شو سے آؤٹ


بھارتی سیاستداں اور سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو بھارتی انتہا پسندی کا شکار ہو گئے، انہیں بھارتی چینل کے کامیڈی شو سے نکال دیا گیا۔

کامیڈی شو ’دا کپل شرما شو‘ میں نوجوت سنگھ سدھو کی جگہ اب بھارتی اداکارہ ارچناپورن سنگھ کو کاسٹ کر لیا گیا ہے،جو اب سدھوکی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

یہ اقدام چینل کی جانب سے نوجوت سنگھ سدھو کا پلوامہ واقعے پر مثبت بیان سامنے آنے اور اس پر انتہا پسند بھارتیوں کے غیض و غضب ظاہر کرنے کے بعد شو کی ریٹنگز کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

کرتار پور راہداری کے بعد سے ہی انتہا پسند بھارت میں لوگ نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف تھے اور تب ہی سے انہیں اس شوسے ہٹانے کی خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم سدھو شو کا حصہ بنے رہے۔

بھارتی ٹی وی چینل نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ اب نوجوت سنگھ سدھو دا کپل شرما شوسے منسلک نہیں ہیں اور ان کی جگہ ارچنا پورن سنگھ یہ خدمات سرانجام دیں گی۔


واضح رہے کہ پلوامہ میں حملے کے بعد نوجوت سنگھ سدھو نے میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ بیا ن دیا تھا کہ ’’دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور کسی قوم کو ان دہشت گرد  حملوں کا ذمہ دار ٹھہرانا سراسر غلط بات ہے‘‘ جس کے بعد سے سدھو کو بھارت میں شدید تنقید اور نفرت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق سدھو کے اس بیان کے بعد سے شو کے ڈائریکٹر اور میزبان کو دھمکیاں موصول ہونے لگی تھیں جس کے بعدیہ فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین