• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کیس میںمسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ کیس کی سماعت کے دوران شہباز شریف سمیت 10 ملزمان پیش ہوئے۔

دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے پی ایل ڈی سی کے سابق سی ای او کی جانب سے دیے گئے ریکارڈ کو ریفرنس کا حصہ نہیں بنایا۔

عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ اس کا تعین کون کرے گا کہ ریکارڈ کو ریفرنس کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

شہباز شریف کے وکیل نے جواب دیا کہ اسرار سعید، عارف مجید بٹ، اکبر اور کاشف کے بیانات کو بھی ریفرنس میں شامل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضمنی ریفرنس میں شہباز شریف کو ملزم نامزد کیا گیا ہے، ہمیں فراہم کیے گئے ریفرنس کے 18 والیمز میں ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد شہباز شریف سمیت 10 ملزمان پر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں فرد جرم عائد کی۔

اس موقع پر احتساب عدالت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، عدالت کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں آنے سے روک دیا گیا تھا۔

واضح رہےکہ نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر افراد نامزد ہیں۔

تازہ ترین