• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی و یورپی ارکان پارلیمنٹ سمیت عالمی برادری بھارت کو مظالم سے روکے، تحریک حق خودارادیت

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لئے جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کا وفد یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لئے برسلز روانہ ہوگیا۔ روانگی سے قبل مقامی ریسٹورنٹ میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پاکستان قومی اسمبلی کے سابق امیدوار رازق بھٹی تھے۔ اجلاس میں تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، سرپرست اعلیٰ سردار عبدالرحمٰن خان ،کونسلر اصغر خان، کونسلر صبیحہ خان،کونسلر کنیز اختر،چوہدری اکرم، محمد ہیری بوٹا، ملک رحمت اعوان، راجہ اشتیاق احمد، کونسلر یاسمین ڈار اور دیگر نے برطانوی و یورپی پارلیمنٹیرینز اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کر کے بھارت کو کشمیری میں مظالم سے روکے، خصوصی طور پر بھارت کے اندر اور جموں و کشمیر میں پُرتشدد کارروائیوں سے اجتناب کروایا جائے کیونکہ پلوامہ کے حادثے میں تحریک آزادی کشمیر میں شامل کسی تنظیم کا کوئی تعلق نہیں بلکہ بھارت منظم سازش کے ذریعے پاکستان اور کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے مشاورتی اجلاس میں بتایا کہ یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن انتھیا میکنٹائر ایم ای پی نے یورپی پارلیمنٹ میں ایک ہنگامی اجلاس بلایا ہوا ہے جس سے صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور برٹش کشمیری رہنمائوں کے علاوہ ممبران پارلیمنٹ بھی خطاب کریں گے جبکہ اسی روز شام کو نارتھ ویسٹ سے لیبر رکن پارلیمنٹ واجد خان ایم ای پی نے یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کمیٹی میں خصوصی سماعت کا اہتمام کیا ہوا ہے جس سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی رپورٹ کے حوالے سے صدر آزادکشمیر خصوصی بریفنگ بھی دیں گے جبکہ یورپ بھر سے درجنوں کشمیری یورپی پارلیمنٹیرین اور فیصلہ سازوں کی لابی کریں گے تاکہ انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا جا سکے تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے تمام کشمیری کمیونٹی اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حلقے کے ممبران پارلیمنٹ کو خطوط اور ای میلز کے ذریعے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کرتے ہوئے اسے پارلیمنٹ میں اٹھانے کا مطالبہ کریں۔ اس موقع پر دیگر رہنمائوں نے بھارتی مظالم کی شدید مذمت اور حریت رہنمائوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی اور کشمیری اپنے ہم وطنوں کی سفارتی محاذ پر سرگرمیوں کے ذریعے معاونت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر تحریکی عہدیداروں نے رازق بھٹی کی خدمات پر تحریک کی جانب سے شیلڈ پیش کی ۔

تازہ ترین