• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کا موسم آئندہ دنوں میں ریکارڈگرم ترین اور خوشبودار فروری ہوگا

لندن ( نیوز ڈیسک ) برطانیہ میں آئندہ آنے والے دنوں میں فروری کے ریکارڈ گرم ترین دنوں کی پیش گوئی کی گئی ہے اور اب رائل ہارٹیکلچرل سوسائٹی کا کہنا ہے کہ یہ ماہ خوشبودار بھی ہوگا۔ ملک بھر کے باغات میں اس سال قبل از وقت موسم بہار کی آمد پر شگوفے پھوٹیں گے اور موسمی پھول بشمول ہیزل ، موسم سرما میں اگنے والی خوبصورت جھاڑیاں، زرد اور گلابی خوشبودار پھولوں والی بیلیں اور دیگر رنگا رنگ خوشبودار پودے ہر جانب بہار دکھائیں گے۔ ٹیلی گراف کے مطابق رائل ہارٹیکلچرل سوسائٹی نے کہا ہے کہ اس صورت حال کا مطلب یہ ہے کہ یادداشت کے مطابق یہ انتہائی خوشبودار فروری ہوگا۔نیشنل ٹرسٹ نے سائوتھ ویسٹ اور ویلز میں اپنے باغات میں پھولوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا ہے، ٹرورو میں اس کی ٹریلیسک سائٹ پر گزشتہ سال نکلنے والے 102مختلف پھولوں کی اقسام 91فیصد اضافہ کے ساتھ اس سال 195دیکھی گئی ہیں۔ سائوتھ ویسٹ اور ویلز کیلئےنیشنل ٹرسٹ کے ہیڈ گارڈن ایڈوائزر آئن رائٹ نے بتایا کہ ڈیوان میں بھی مختلف اقسام کے پھولوں کی تعداد جو کہ 2018میں 932 تھی وہ بڑھ کر 1050تک جبکہ سمرسٹ میں 213 سے بڑھ کر 250تک جا پہنچی ہے ۔مسٹر رائٹ نے بتایا کہ کارنوال میں مگنولیا بشمول مگنولیا کین بیلی اور سولانجیانا کی تعداد بھی پہلے سے کہیں زیادہ دکھائی دے رہی ہے۔
تازہ ترین