• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ محمد بن سلمان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششیں کریں، ریاض شاہ

کوونٹری (نمائندہ جنگ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ سعودی عرب کے ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ تمام پاکستانیوں کےلئے خوشی اور فرحت کا باعث ہے۔ ان خیالات کا اظہار یورپ و برطانیہ کی نامور سیاسی شخصیت اور مسلم کانفرنس کے رہنما سید ریاض حسین شاہ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔ پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی، سعودی عرب کےساتھ وسیع پیمانے پرسرمایہ کاری کے معاہدوں سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات مزیدبہتر اور مستحکم ہوں گے، سعودی ولی عہد کا دورہ ملت اسلامیہ کی مشکلات کے حل کیلئے پیش رفت کا سبب بنے گا، پاکستان میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہ متعین ہو گی، شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی اقتصادی ترقی کےلئے تاریخی اقدامات کیے ہیں، خادم الحرمین کی پاکستان اوراہل پاکستان سے محبت مثال بن چکی ہے ۔ سعودی عرب حرمین شریفین کی مسلسل خدمت کے حوالے سے مسلمانوں کی عقیدت و محبت کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کیلئے سعودی عرب کے شاہی خاندان کی محبت ہر طرح سے قابل تحسین ہے، ہر آزمائش کے موقع پر سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان و دیگر اسلامی ممالک کی معاونت کی ہے۔ آج دنیا بھر میں سعودی عرب اور پاکستان کے مضبوط تعلقات ایک مثال بن چکے ہیں۔اوورسیز پاکستان اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ شہزادہ محمد بن سلمان مقبوضہ کشمیر کے معصوم عوام کی آزادی کے لئے بھی بین الاقوامی سطح پر کاوشیں کریں گے، اپنے دورہ بھارت میں بھارت سے ظلم قتل و غارت پر بات کریں تاکہ کشمیری بھی آزادی کا سانس لے سکیں۔ عمران خان مسئلہ کشمیر پر سعودی پرنس کو اعتماد میں لیں، سید ریاض شاہ نے کہا کہ سعودی شہزادے کے دورہ سے پاکستانیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
تازہ ترین