• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم کانفرنس نظریاتی تشخص برقرار رکھے گی، سردار عتیق

بولٹن( نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہےکہ دنیا میں جغرافیائی تبدیلیاں شروع ہوچکی ہیں ملک کے سیاسی ماحول میں حالیہ تبدیلیوں کے بعد مسلم کانفرنس کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے ، ریاستی کے نظریاتی وجود کو برقرار رکھنے کیلئے نظریاتی رشتوں کو مضبوط بنانا ہوگا، مسلم کانفرنس کی سیاست پاکستان کا دفاع ہی نہیں کشمیر کی آزادی ہے اور ریاست کے اس نظریاتی تشخص کو برقرار رکھنے کیلئے رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس اور مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کا پیغام نسل در نسل منتقل کرنا ہے اور اس سلسلے میں مسلم کانفرنس نظریہ الحاق پاکستان کی تکمیل کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں کررہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم کانفرنس بولٹن کی بزرگ شخصیت شیخ نذیر حسین کی عیادت کے بعد جنگ، جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیریوں کی نمائندگی کا جو پرچم دیا مشکل ترین حالات میں بھی مسلم کانفرنس نے اس پرچم کو سرنگوں نہیں ہونے دیا اور آج بھی اس پرچم کوبلند کئے ہوئے ہے، انہوں نے کہا مسلم کانفرنس ایک جماعت ہی نہیں بلکہ آزاد خطے کا طاقتور انسٹیٹیوشن ہے جس نے نہ صرف ریاستی تشخص کو بلکہ دنیا بھر میں تحریک آزادی کشمیر کے تناظر میں اجاگر کیا جس سے تحریک آزادی میں ایک موڑ آگیا ہے دنیا کی تمام حکومتوں کے ایوانوں میں مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے دلچسپیاں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا بھارتی افواج کے مظالم بڑھنے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی میں بھی شدت آگئی ہے جس سے نریندر مودی بوکھلاہٹ کا شکارہوکر پلواما جیسے واقعات کے الزامات پاکستان پر ڈالنے کا پروپیگنڈہ کررہا ہے انہوں نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کا تاثر نہ صرف گمراہ کن بلکہ بے بنیاد ہے جو صرف اور صرف دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔اس موقع پر مسلم کانفرنس برطانیہ کے سابق صدر چوہدری بشیر رٹوی، یوتھ ونگ برطانیہ کے چیئرمین راجہ ریاض احمد بڑالوی اور دیگر بھی موجود تھے۔
تازہ ترین