• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او پی ڈبلیو سی کا کشمیر پر خط خارجہ اور دولت مشترکہ کے شعبہ کو بھیج دیا ہے

لوٹن (نمائندہ جنگ) وزیراعظم برطانیہ کے خط و کتابت افسر نے اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل کے عہدیدار کے نام ایک جوابی مکتوب میں آگاہ کیا ہے کہ ان کے کشمیر پر خط کو خارجہ اور دولت مشترکہ شعبہ کو بھیج دیا گیا ہے تاکہ وہ ان کی تنظیم کے کشمیر پر اٹھائے گئے بعض نکات پر غوروخوض کرسکیں۔ خیال رہے کہ اوورسیز پاکستانیز ویلفئیر کونسل نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعظم کے نام مکتوب بھیجا تھا جس میں یہ زور دیا گیا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کو حق خودارادیت تفویض کرے، یہ تجویز کیا گیا تھا کہ بھارت برطانیہ کے سکاٹ لینڈ طرز کے ریفرنڈم کو کشمیر پر فالو کرے اور پھر 21اپریل 1948کی اقوام متحدہ کی ایک قرارداد کا حوالہ بھی دیا ہے کہ جس کے تحت بھارت اور پاکستان نے رضامندی دی تھی کہ کشمیر کے دونوں ملکوں میں سے کسی ایک ساتھ الحاق کے سوال کو ایک آزادانہ غیر جانبدار استصواب رائے کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ محمد نعیم عباسی، مسعود اختر ہزاروی، امجد امین بوبی اور امجد خان کی طرف سے مذکورہ تنظیم کے ارسال کئے گئے خط میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر تشدد خواتین کی عصمت دریوں اور جواں سال کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور پاکستانی ڈائیسفرا کی طرف سے کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور مظالم بند کرنے کا مطالبہ شدت کے ساتھ اٹھایا گیا تھا اور حقوق انسانی کے بعض بدترین واقعات کی مکتوب میں نشاندہی بھی کی گئی تھی۔ نعیم عباسی نے جنگ سے بات چیت میں جوابی مکتوب کو مثبت پیش رفت قرار دیا ہے، انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصے میں ان کی تنظیم نے جہاں برطانیہ میں نادرا سرجریوں کے انعقاد میں جانفشانی سے کام کیا ہے اور بے شمار جگہوں پر سرجریوں کے انعقاد کے لئے سہولتیں مہیا کی ہیں وہاں یہ تنظیم مسئلہ کشمیر پر بھی متحرک ہو چکی ہے۔
تازہ ترین