• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اصحاب رسولﷺ کی محبت ایمان کا حصہ ہے، قاری عبدالرشید

لندن (پ ر) بائیس فروری یوم شہادت علامہ حق نواز حھنگوی پر برطانیہ کی مختلف مذہبی جماعتوں کے قائدین نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ سواد اعظم اہلسنت برطانیہ کے ناظم اعلیٰ قاری عبد الرشید نے کہا ہے کہ اصحاب رسول ﷺ کی محبت ایمان کا حصہ ہے۔ مولانا حق نواز ؒ مدح صحابہ ؓکے بے باک نقیب تھے، انھوں نے اپنی زندگی ناموس و عظمت اصحاب رسول ﷺ کیلئے وقف کر چھوڑی تھی اور آخر کارعشق و وفا کے اس سفر میں سرفرازی کے اعلیٰ مقام پر فائز ہوگئے، اس عنوان پر تاریخ جب مرتب ہوگی تو امیر عزیمت مولانا حق نواز شہید اور ان کے رفقاء کی قربانیوں کا تذکرہ کئے بغیر مورخ کا قلم آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ جمعیت علمائے برطانیہ کے بزرگ رہنما مولانا عبدالرشید ربانی نے کہا ہے کہ مولانا حق نواز جھنگوی کی شہادت کو آج تیس سال ہوگئے ہیں لیکن ان کا نام اور کام اسی آن، بان اور شان کے ساتھ اہلسنت کے تمام طبقوں کے دلوں میں زندہ جاوید ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ مولانا شہید انتہائی مخلص اور فنا فی الصحابہ ؓو اہل بیت رسول ﷺ تھے۔ جمعیت اہلحدیث برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات حافظ عبدالاعلیٰ درانی نے کہا کہ علامہ حق نوازؒ جرات، ہمت اور عزیمت کی ایک قابل رشک داستان کا نام ہے، انھوں نے اپنی آخری تقریر میں بیس اور بائیس فروری کے درمیان اپنے اوپر قاتلانہ حملے کی پیش گوئی کرتے ہوئے اپنی تقریر کو نزع کا بیان قرار دے کر اپنے قاتلوں کو خود نامزد کردیا تھا۔ پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا کہ مولانا حق نواز ؒ ایک نڈر، مجاہد، باعمل عالم دین اور باصلاحیت قومی رہنما تھے۔ انھوں نے اپنے مشن مدح صحابہؓ کے معاملے میں کبھی کمزوری کا مظاہرہ نہ کیا۔ حق نواز ؒ کا نام و کام آئے دن پہلے سے بھی زیادہ چمکتا اور روشن ہوتا دنیا دیکھ رہی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ اخلاص کی دولت اور ناقابل تردید دلائل کا اتنا مضبوط مؤقف لے کر میدان میں اترے تھے کہ ان کا مخالف دلیل سے ان کے سامنے کھڑا نہ رہ سکا اور جنگ و فساد ،گولی و گالی پر اتر آیا اور آخر کار ان کو رات کے اندھیرے میں گھر کی دہلیز پر شہید کر دیا گیا۔ اللہ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ پاسبان صحابہؓ برطانیہ کے صدر مفتی ادریس نے کہا کہ مولانا شہید ؒ سخت مخالفت، بے سرو سامانی، وسائل کی عدم دستیابی اور ہر طرح کے حکومتی رکاوٹوں کے باوجود آپؒ کی آواز حق منبر و محراب اور چوک و چوراہوں سے پارلیمنٹ اور پھر سپریم کورٹ آف پاکستان جا پہنچی۔ پاسبان صحابہ برطانیہ کے سیکرٹری جنرل مولانا ظفیر احمد نے کہا کہ مولانا حق نواز شہید اور ان کی جماعت پر عائد الزامات ان کے جانشینوں نے حق پر قائم رہ کرغلط ثابت کردیئے۔ آزاد عدلیہ نے ان کو پر امن محب وطن پاکستانی تسلیم کیا اور آج بھی ان کے نمائندے اسمبلی میں موجود ہیں۔ پاسبان صحابہؓ برطانیہ کے نامزد سرپرست اعلیٰ علامہ ارشد فاروقی نے کہا کہ مولانا حق نواز شہید کا مشن ان کے جانشینوں نے ایشیا و عرب، یورپ و امریکہ اور افریقہ کے ممالک تک پہنچایا ۔ پاسبان صحابہ برطانیہ کے نائب سرپرست اعلیٰ حاجی حق نواز خان مودودی نے کہا کہ علامہ حق نواز ؒ کی پرامن جدوجہد کی بدولت آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ جہاں،جہاں مسلمان آباد ہیں وہاں، وہاں صحابہ کرام اور اہلبیت عظام رضی اللہ عنہم کی عزت و احترام کے چرچے عام ہیں۔
تازہ ترین