• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی فرمان روا مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اثر و رسوخ استعمال کریں، حافظ ادریس

برمنگھم (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد ادریس نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی معاہدوں سے پاکستان کی معیشت پر دوررس اثرات سامنے آئیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کے مطالبے پر سعودی پرنس نے دو ہزار سے زائد قیدیوں کی رہائی کا حکم دے کر پاکستان کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس موقع پر سعودی فرمانروا سے مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارت کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کرے، تاکہ سعودی عرب بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بند کرے۔ حافظ ادریس نے کہا کہ جب سے مقبوضہ کشمیر پلوامہ میں بھارتی فوج پر حملہ ہوا بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی اور منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع کر رکھا ہے، پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں، پلوامہ کے ایک کشمیری نوجوان نے یہ کارروائی کی ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد حق اور انصاف پر مبنی ہے اور کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف برسرپیکار ہیں اور بھارت فوجی قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے اور اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔
تازہ ترین