• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آشیانہ اسکینڈل، شہباز سمیت 10 ملزموں پر فرد جرم عائد، خدا کی قسم کیس جھوٹا ہے، شہباز شریف

لاہور (صباح نیوز) آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف سمیت 10ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا، عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا۔شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ تاریخ بتائے گی کہ اس کیس میں میں بے قصور ہوں۔میں اپنے رب کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ نیب نے جھوٹا کیس بنایا ہے۔دوسری جانب نیب نے شہباز شریف اور انکے صاحبزادے حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن بخاری نے آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف، وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ کیس میں تین ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا، شہباز شریف سمیت تمام 10ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے جسکے بعد عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر بیان ریکارڈ کروانے کیلئے طلب کر لیا۔ دوران سماعت شہباز شریف کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ انہیں گواہوں کے بیانات کی کاپی فراہم نہیں کی گئی،عدالت نیب حکام کو ہدایت کی کہ وہ گواہوں کے بیانات کی کاپی فوری طور پر ملزمان کو فراہم کریں۔

تازہ ترین