• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سخی حسن چورنگی پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نےفائرنگ کر کےپاک سرزمین پارٹی کے حلقہ پی ایس 122 کے سابق امیدوار ورہنما کو قتل کردیا، تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد سخی حسن چورنگی پر پیر کی شب سخی حسن چورنگی سے پیپلز چورنگی کی طرف جانے والی ٹویٹا جیب نمبر BH-9899 جیسے ہی سخی حسن چورنگی کراس کرکے سرینہ موبائل مارکیٹ کے پاس پہنچی تو موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نےگاڑی پر اندھادھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے،گولیاں لگنے کے نتیجے میں جیب میں سوار 40 سالہ عبدالحبیب خلجی ولد عبدالحمید خلجی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے،اطلاع ملنے پر پولیس ،رینجرز کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ فلاحی اداروں کے رضاکار بھی موقع پر پہنچ گئے،پولیس نے معائنے کے بعد لاش کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچائی،ایس ایس پی سینٹر ل راؤ عارف اسلم کے مطابق ملزمان نے دوہتھیاروں نائن ایم ایم اور 30 بور پستول کا استعمال کیا،موقع سے پولیس نے نائن ایم ایم کے 7اور 30 بور پستول کے 2خول اپنی تحویل میں کرلیے،مقتول کو چہرے اور سر پر گولیاں لگی جو جان لیواثابت ہوئی،پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے،پولیس کے مطابق مقتول کی موجودہ رہائش گلشن معمار میں ہےجبکہ وہ اس سے قبل سائٹ میڑوول بلاک تین میں رہائش پذیر تھے،مقتول حالیہ عام انتخابات میں حلقہ پی ایس122 سے پی ایس پی کے امیدوار بھی تھے ،مقتول کی جیب سے چیمبر آف کامرس کا کارڈ بھی برآمد ہوا،ملنے والے کارڈ کے مطابق کاروباری شخصیت تھے، ،واقعے کی اطلاع پاکر پی ایس پی کے مقامی رہنما آصف حسنین،افتخار عالم سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے۔ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے سخی حسن چورنگی کے قریب فائرنگ سے سیاسی جماعت کے کارکن کے جاں بحق ہونے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر ایس ایس پی سینٹرل سے تفصیلی انکوائری اور پولیس اقدامات پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی ہے،دوسری جانب شعبہ نشر و اشاعت پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے عبدالحبیب خلجی کو شہید کیے جانے کے حوالے سے شدید مذمت کی گئی ،جبکہ پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے عبدالحبیب خلجی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔دریں اثناء قائد آباد پل پر گاڑی پر فائرنگ سے2 افراد زخمی ہوگئے،جیو ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی شناخت ڈاکٹر وسیم اور طیب کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تازہ ترین