• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کا پاکستان پر دہشتگردی کا الزام عجیب ہے‘سعودی وزیرخارجہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہاہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کا پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگانا عجیب ہے جبکہ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ سے بات ہوئی ہے،ہم ایران میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں اور ہم نے اس کے ثبوت بھی مانگے ہیں‘پاکستان اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا ۔ پیر کو وزارت خارجہ میں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ پہلے بھی تعاون کرتے رہے ہیں اور ہم اپنے ہمسائے کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھیں گے۔اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان پر الزام پر تعجب ہوا ہے۔ عادل الجبیر نے کہاکہ وزرائے خارجہ کی سطح پر ایسی الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے‘یہ حیران کن ہے کہ ایران خود دہشت گردی برآمد کرتا ہے، ایران یمن، شام اور دیگر ممالک میں دہشتگردی میں ملوث ہے، ایران دہشت گردی پھیلانے کا موجب اور القاعدہ کو پناہ دینے والا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب، ایران کی دہشت گردی کا نشانہ ہے‘ایران کے وزیر خارجہ جو خود دہشت گردی کے پھیلاؤکا بڑا ذریعہ ہیں ان کا الزام لگانا حیران کن ہے۔
تازہ ترین