• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدقسمتی سے پاکستان میں فٹبال کھیل کو اس کا جائز مقام کبھی حاصل نہ ہوسکا ،اس وقت سے پاکستان کی فٹبال زبوں حالی کا شکار ہے۔ حکومت کا اس کھیل کی مکمل سرپرستی سے گریز، بااثر شخصیات کی عدم دلچسپی اور گروپ بندی نے دنیاکے عظیم کھیل کو پاکستان میں پسماندہ بنادیا اور اسے غریبوں اور ان پڑھ لوگوں کا کھیل کہہ کر اسے مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے۔ گذشتہ چار سالوں سے فٹبال فیڈریشن میں گروپ بندی کے باعث اس کھیل کو جتنا نقصان پہنچا ہے شاید اتنا نقصان ماضی میں نہیں ہوا تھا۔ گزشتہ دو سال میں ٹرنک والا فیملی نے پاکستانی فٹبال کے مردہ جسم میں جان ڈالنے کا بیٹرا اٹھایا ، پچھلے دنوں اسلام آباد میں اسی ادارے کے تحت لیژر لیگز فٹ بال ڈپلومیٹک سیزن ٹو کاانعقاد کیا گیا جو رشین ایمبسی نے اپنے نام کیا، رشین ایمبیسی نے فیورٹ برازیل ایمبیسی سے لیگ کے آخری میچ میں مقابلہ 3-3سے برابر کھیل کر لیژر لیگز فار ڈپلومیٹک سیزن ٹو کی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ دونوں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر 21,21پوائنٹس کے ساتھ ہم پلہ تھیں تاہم بہتر گول اوسط پررشیا کو پہلی پوزیشن حاصل ہوئی۔ گزشتہ سال سیزن ون میں سعودی عرب کو چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ ٹوٹل فٹبال گرائؤنڈ، اسلام آباد پرمہمان خصوصی جنرل ہارون پاشا، ، سابق ڈی جی نیب، سندھ نے فروغ فٹبال اور اس کی رونقیں بحال کرنے پر محمود ٹرنک والا اور ورلڈ گروپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ ٹرنک والا فیملی پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو عروج پر پہنچانے میں جو کردار ادا کررہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ وفاقی وزیر میاں محمد سومرو نے کہا کہ گراس روٹ لیول سے فٹبال کو ترقی دینا اور بالخصوص بڑے شہروں کے ساتھ پسماندہ اور چھوٹے شہروںمیں نوجوان کھلاڑیوں کو فٹبال کھیل کی تمام بنیادی سہولیات کا فراہم کرنا خوش آئند ہے۔ چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا نے معزز مہمانوں کی جانب سے ورلڈ گروپ اور ٹرنک والا فیملی کے فٹبال کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ اکتوبر میں دوسرے سوکا ورلڈ کپ کا انعقاد یونان میں ہورہا ہے اور ایک بار پھر پاکستان کی ٹیم اس میں شرکت کرے گی۔ ہم نے پاکستانی فٹبالرز کو انٹرنیشنل پلیٹ فارم فراہم کردیا ہے اور اب پلیئرز پر منحصر ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلائیں۔ چیف آپریشن آفیسر، لیژر لیگز اسحق شاہ نےکہا کہ ہمارا ادارہ پاکستان میں فٹبال کی ترقی کیلئے اپنا تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا۔ ایونٹ میں پاکستان میں موجود آٹھ ایمبیسیوں کی ٹیموں نے شرکت کی جن میں۔ روس، برازیل، اسپین، جاپان، ایران، تھائی لینڈ، چین اور مکسڈ انٹرنیشنل (فرانس، انگلینڈ، سوئیڈن اور نائجیریا کی ایمبیسیز کے کھلاڑی) شامل تھیں۔ شریک ٹیموں کے مابین ڈبل لیگ کی بنیاد پر میچز کھیلے گئے۔ ہر ٹیم نے 14,14میچز کھیلے۔ پہلے رائؤنڈ کے اختتام پر برازیل ناقابل شکست اور پوائنٹس ٹیبل پرٹاپ پر رہی۔ تھائی لینڈ کو دوسری اور روس کی ٹیم تیسری پوزیشن پر تھی۔ دوسرے رائؤنڈ کے اختتام پر روسی ٹیم نے 21پوائنٹس کے ساتھ برازیل اور تھائی لینڈ کو پیچھے چھوڑ تے ہوئے بہتر گول اوسط پر برازیل پر سبقت حاصل کی۔ تھائی لینڈ کو تیسری، ایران کی چوتھی، اسپین کی پانچویں، جاپان کی چھٹی، چین کی ساتویں اور آخری پوزیشن پر مکسڈ انٹرنیشنل کی ٹیم کی رہی۔ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر مہمان خصوصی جنرل ہارون پاشا نے جملہ شریک ایمبیسیزکی ٹیموں میں ٹرافی اور میڈل تقسیم کئے۔

تازہ ترین
تازہ ترین