• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’جنوبی کوریا پاکستان کو کم ترین شرح پر قرض دینے والا ملک ہے‘‘

جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا پاکستان کو سب سے کم شرح سود پر قرض دینے والا واحد دوست ملک ہے جو صفر اعشاریہ ایک فیصد پر پاکستان کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے قرض فراہم کرتا ہے جس سے کئی اہم منصوبے پاکستان میں پایہ تکمیل پارہے ہیں۔

روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان رحیم حیات قریشی نے کہا کہ آسلام آباد میں سو ملین ڈالر کے آئی ٹی پارک کا منصوبہ بھی جنوبی کوریا کی دوستی کی شاندار مثال ہے جس میں ہمارے کمرشل قونصلر عدنان اقبال کی کوششیں قابل قدر ہیں جبکہ مستقبل میں ہم جنوبی کوریا کی حکومت کے تعاون سے ایسے مزید منصوبے شروع کرسکتے ہیں۔

سفیر پاکستان نے بتایا کہ جنوبی کوریا سے ملنے والا قرضہ بیس سال تک قابل واپسی نہیں ہوتا جبکہ بیس سال بعد واپسی شروع ہوتی ہے تو اس پر بھی صرف صفر اعشاریہ ایک فیصد ہی سود دینا پڑتا ہے دنیا میں اس سے کم شرح سود پر کوئی ملک قرضہ نہیں دیتا لہٰذاا ہماری کوشش ہوگی کہ جنوبی کوریا کی دوست حکومت کے اس تعاون کو پاکستان کے لیے مزید سود مند بنایا جائے۔

سفیر پاکستان نے بتایا کہ انہوں نے کورین حکام سے مذاکرات کے بعد قرض کی حد پانچ سو ملین ڈالر سے بڑھا کر آٹھ سو ملین ڈالر کرنے کی درخواست کی تھی جو کورین حکومت نے اصولی طور پر تو منظور کرلی ہے۔

سفیر پاکستان نے جنوبی کوریا میں اپنی سفارتی ٹیم خاص طور سفارتی امور کی نگراں سارہ سرور اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی شفیق حیدر کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے نمٹنے میں ان افسران کا کردار قابل تعریف ہے جبکہ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن مدثرچیمہ کی قیادت میں کمیونٹی اور پاکستان کی بہترین خدمت کررہی ہے اپنی بہترین ٹیم کے باعث ہی ہماری مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری آتی ہے۔

سفیر پاکستان نے جنوبی کوریا میں ڈھائی ہزار پاکستانی طالب علموں کے شاندار کردار کی بھی تعریف کی جو نہ صرف اپنی بہترین تعلیمی نتائج کے ساتھ پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں بلکہ جنوبی کوریا اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کا بھی سبب بن رہے ہیں۔

تازہ ترین