• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا ہائی کمیشن کی ناقص سیکیورٹی پر بھارت سے احتجاج

دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کی ناقص سیکیورٹی پر تشویش کا اظہار کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسپیشل سیکریٹری ایشیا پیسیفک امتیاز احمد نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گرویو احولالیہ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارت کی جانب سے سفارتی آداب کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے اور ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں گھسنے کی کوشش اور ان کی ہائی کمیشن کے دروازے تک رسائی پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ بھارت سیکیورٹی کی ناکامی کے واقعے کی تحقیقات کرے۔

پاکستان نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی ہیں اور نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے باہر مظاہرین نے گیٹ سے زبردستی اندر گھسنے کی کوشش کی۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے خاندان کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ جاری ہے۔

سیکریٹری ایشیا پیسیفک نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت واقعات کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے دروازے تک مظاہرین کی رسائی پر تشویش ہے اور پاکستانی سفارتی عملے سے متعلق نامناسب زبان کا استعمال کیا گیا۔

اسپیشل سیکریٹری ایشیا پیسیفک امتیاز احمد نے مطالبہ کیا کہ بھارت سیکیورٹی کی ناکامی کے واقعے کی تحقیقات کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پر کارخودکش حملے کے بعد بھارت نے کشیدگی کا ماحول پیدا کردیا ہے۔

گزشتہ روز نئی دہلی میں ہندو انتہاپسندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں ہائی کمیشن میں گھنے کی کوشش کی تھی۔

تازہ ترین