• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ پاکستان کیلئے مفید، اچھے کرکٹر ملیں گے، شاہد آفریدی، ٹیلنٹ کو پرکھا جائے

شارجہ (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم کے کھلاڑیوں میں بڑا کھلاڑی بننے کی بھرپور صلاحیت ہے لیکن کچھ کرکٹرز وقت سے پہلے اپنے آپ کو بڑا سمجھ بیٹھے ہیں۔ انہیں اپنی کارکردگی پر توجہ دینی ہوگی اور مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھائے بغیر کوئی کھلاڑی بڑ انہیں بن سکتا۔ تین سال میں سپر لیگ نے پاکستان کرکٹ کو اچھے کھلاڑی دیے، مستقبل میں مزید ملیں گے۔ پاکستانی ٹیم کا مسئلہ بھی مستقل مزاجی ہے۔ میرا مشورہ ہے جو اپنے آپ کو وقت سے پہلے بڑا سمجھ بیٹھے ہیں کہ وہ انکساری اپنائیں اور مسلسل محنت کریں۔ وہ منگل کو نمائندہ جنگ کو انٹر ویو دے رہے تھے۔ وہ سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ انٹر نیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنے کے باوجود ان کی مقبولیت برقرار ہے۔ اسٹار آل رائونڈر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ کا بڑا برانڈ ہے۔ اس نے پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ پہنچایا ہے، امید ہے کہ اگلے سالوں میں بھی پی ایس ایل کو پاکستان کو اچھے کھلاڑی ملیں گے۔ پاکستان میں آج بھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ لیکن اس ٹیلنٹ کو پر کھنے اور پالش کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ میں نے پاکستان کے بڑے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ سالہا سال کرکٹ کھیلی وہ کھلاڑی یہی کہتے تھے کہ ہردن نیا ہوتا ہے یہاں ایک میچ میں کارکردگی دکھانے والا اپنے آپ کو سپر اسٹار سمجھ لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہر آنے والا اپنے سسٹم کو متعارف کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ایک ایسا اور مربوط نظام لانا ہوگا جو مستقل بنیاد پر چلے ۔ قومی اور علاقائی اکیڈمیوں میں کرکٹ کے ساتھ تعلیم اور کمپیوٹر کے بارے میں بھی بتایا جائے تاکہ اگر کوئی کھلاڑی پاکستانی ٹیم میں نہ آسکے تو کم از کم وہ تعلیم اور کمپیوٹر سے عملی زندگی میں فائدہ اٹھا سکے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹ کے ساتھ اپنی زندگی کو انجوائے کررہا ہوں۔ فٹنس اور فارم کے لئے آج بھی پہلے جیسی محنت کرتا ہوں ۔ جب تک ٹانگوں اور گھٹنوں میں جان ہے کرکٹ کھیلتا رہوں گا ۔ خواہش ہے کہ مجھے زمین ملے جس پر جدید اکیڈمی بناسکوں۔

تازہ ترین