• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلبھوشن بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کیلئے کام کر رہا تھا، پاکستانی اٹارنی جنرل

دی ہیگ (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یا دیوکیس کی سماعت جس کے دوران پاکستان کے وکلا کا کہنا تھا کہ بھارت نےکلبھوشن یا دیو کی شہریت کا ہی اعتراف نہیں کیا تو قونصلر رسائی کا مطالبہ کیسا؟ گزشتہ روز عالمی عدالت انصاف میں بھارتی وکیل نے کلبھوشن یا دیوسے متعلق دلائل دئیے اور آج پاکستانی وکلا کی جانب سے بھارتی دلائل پر جواب دیا گیا۔ سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور علی خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پڑوسیوں کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی جس کے لئے پڑوسی ممالک میں دہشت گردی کرائی گئی اور جاسوس بھیجے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے متاثر ہونے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ بھارت کی مداخلت اور دہشت گردی کے باعث ہزاروں پاکستانی شہید ہوئے۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان نے کہا کہ کلبھوشن یا دیو بھارتی خفیہ ایجنسی ʼراʼ کے لئے کام کر رہا تھا جسے بلوچستان، خصوصاً گوادر اور کراچی میں دہشت گردی کرانے کے لئے بھیجا گیا تھا۔ اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا کہ کلبھوشن یادیو نے مجسٹریٹ کے سامنے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق بغیر کسی دباؤ کے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور پاکستان نے یقینی بنایا کہ یادیو مرضی سے جو بیان دینا چاہے دے۔ اٹارنی جنرل منصور علی خان نے کہا کہ پاکستان نے کلبھوشن کو وہ تمام حقوق دیے جو جنیوا کنونشن کے تحت اس کا حق ہے۔ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر یادیو کی والدہ اور اہلیہ کو ملاقات کی اجازت دی۔

تازہ ترین