• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز وطن میں سرمایہ لگائیں، پاک برطانیہ تجارت کے فروغ کیلئے پل کا کردار ادا کریں گے، امجد خان

لندن (سعید نیازی) یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر امجد خان نے کہا ہے کہ چیمبر برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے پل کا کردار اداکرے گا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اوورسیز پاکستانی اپنے وطن سے محبت کا ثبوت وہاں سرمایہ کاری کرکے دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ لندن کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ چیمبر کئی دہائیوں سے برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں کی خدمت میں مصروف ہے اور یہ تنظیم حکومت پاکستان کی تسلیم شدہ ہے۔ لیکن بدقسمتی سے گزشتہ کچھ عرصہ سے یہ زیادہ فعال نہیں تھی ہم نے اسے انتہائی فعال بنانے کے عزم کے ساتھ عہدہ سنبھالا ہے۔ اور ہمارے نئے عہدیدار اور ڈائریکٹرز نئے آئیڈیاز کے ساتھ چیمبر کو فعال بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر میں بزنس کے علاوہ آئی ٹی اور فنانس کے ماہرین بھی شامل ہیں جو ہماری بھرپور معاونت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے پل کا کردار ادا کرے گا۔ اور ہماری کوشش ہوگی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے موجودہ حجم کو بڑھایا جائے۔ اس مقصد کیلئے پاکستان کی حکومت کے علاوہ پاکستان ہائی کمیشن نے ہمیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ امجد خان نےکہا کہ پاکستان کو اس وقت انوسٹمنٹ کی ضرورت ہے، ہم بہت جلد ایک وفد لیکر پاکستان جارہے ہیں، وفد میں پاکستانی تاجروں کے علاوہ مقامی انگلش کمپنیز کے نمائندےبھی شامل ہونگے جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ماحول انتہائی سازگار ہے اور دنیا کی بڑی بڑی کمپنیز سرمایہ کاری کیلئے وہاں کا رخ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب امن و امان کی صورت حال بہت بہتر ہوچکی ہےاور نئی حکومت بھی سرمایہ لگانے والوں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری مکمل طور پر محفوظ اور انتہائی منافع بخش بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے رئیل اسٹیٹ کا شعبہ تو سرفہرست ہے۔ لیکن اب یہاں کے ڈاکٹر اور انجینئرز بھی پاکستان جاکر اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔ اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان تیزی کے ساتھ ترقی کی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ انکے علم میں ہے کہ پاکستان میں زمین وغیرہ خریدنے والوں کو بعض اوقات مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ ان کی زمینوں پر قبضہ ہوجاتا ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان ذاتی طور پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ اور اسی مقصد کیلئے انہوں نے زلفی بخاری کو اپنا خصوصی معاون مقرر کیا ہے۔ زلفی بخاری برطانیہ میں پلے بڑھے ہیں اور انہیں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا بہتر طور پر ادراک ہے اور جس جانفشانی کے ساتھ وہ مسائل کے حل کیلئے کام کررہے ہیں اس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری کے حالیہ دورہ برطانیہ کے موقع پر انکے ساتھ میٹنگ بھی ہوئی تھی جس میں انہوں نے اپنے بھرپور اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے زلفی بخاری، عمران خان کا بہترین انتخاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زلفی بخاری کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، ہم نے حال ہی میں جب چند کیسوں کے حل کیلئے ان سے رابطہ کیا تو انہیں فوری طور پر مثبت ردعمل ملا اور مسائل حل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر شکایت پر فوری ایکشن ہوگا جس کے سبب قبضہ گروپ اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ امجد خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ برطانیہ میں آباد کمیونٹی کو بزنس کرنے کی طرف توجہ دینی چاہئے اور چیمبر کمیونٹی کے افراد کو اپنا بزنس شروع کرنے کیلئےنہ صرف رہنمائی فراہم کرے گا بلکہ ان کیلئے فنڈنگ کا بھی اہتمام کرکے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے مہیا سہولتوں سے استعفادہ کیلئے کمیونٹی چیمبر کی رکنیت حاصل کرے۔ امجد خان نے کہا کہ بریگزٹ کی صورت میں برطانیہ، یورپی یونین سے نکل جائے گا اور اس صورت میں پاکستان کیلئے تجارت کا ایک نیا دروازہ کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں سبزی، پھل اور گوشت وغیرہ باہر سے آتا ہے۔ پاکستان کو بریگزٹ کی صورت میں ان اشیاء کی فراہمی کیلئے برطانیہ سے رابطہ کرنا چاہئے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں ڈاکٹر اور آئی ٹی کے ماہرین بھی برطانیہ آکر یہاں کی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد آئی ٹی کی ماہر ہے جن کی خدمات سے یہاں کے تاجر بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ امجد خان نے کہا کہ پاکستان میں پھل، گوشت اور مچھلی وغیرہ بہترین اور وافر مقدار میں دستیاب ہے لیکن معیاری صفائی اور پیکنگ کا انتظام نہ ہونے کے سبب اس کی برآمد ممکن نہیں۔ ہم اپنے دورہ پاکستان کے دوران حکام کی توجہ اس طرح دلوائیں گے تاکہ پاکستان کی برآمدات بڑھیں اورملک کو زرمبادلہ ملے۔ اس کے علاوہ پاکستان سے برطانیہ میں سرمایہ لگانے والوں کو بھی مشورہ دینگے۔ یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں گزشتہ دنوں چند سینئر عہدیداروں کی طرف سے مستعفیٰ ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے پی ٹی آئی سے تعلق ہونے کے سبب جو باتیں میڈیا میں چلیں ان کا حقیقت سے تعلق نہیں۔ چند عہدیداروں نے ذاتی وجوہ کی بنا پر استعفیٰ دیا اس سے سیاست کا تعلق نہیں۔ چیمبر ویسے بھی مذہب اور سیاست سے بالاتر ہوکر کام کرتا ہے، اور ہمارابنیادی مقصد کمیونٹی کی خوشحالی اور تجارت کے فروغ کام کرنا ہے۔

تازہ ترین