• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے بھارتی دھمکیوں کا دو ٹوک جواب دے کر قوم کے دل جیت لئے، کمیٹی رہنما

مانچسٹر/ برمنگھم (غلام مصطفی مغل/ نمائندہ جنگ) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی دھمکیوں پر دو ٹوک جواب دے کر پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کو بامقصدمذاکرات کی دعوت اور تحریک کشمیر کی بھرپور حمایت کر کے ثابت کیا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل چاہتا ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں جبکہ بھارت اور اس کی تخریب کار تنظیموں کے مسلم آبادی پر حملے انتہائی سفاکانہ ہیں اور مہذب دنیا اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ کشمیریوں پر بھارت کے مجرمانہ حملے امن پسند دنیا کیلئے ایک چیلنج سے کم نہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر بشیر رٹوی نے مانچسٹر میں اپنی رہائشگاہ پر پاکستان سے برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے سابق امیدوار قومی اسمبلی رزاق بھٹی اور میڈیا نمائندگان سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مسلم کانفرنس کے رہنما نے کشمیر پر اصولی موقف کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری امن پسند دنیا سیاسی اور جغرافیائی تنازعات کے خاتمے پر سنجیدہ ہے اور بھارت کا جھوٹ پر مبنی واویلا دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ کشمیر پر قابض بھارتی افواج کے خلاف برسرپیکار وہاں کے مقامی نوجوان ہیں جنہیں بھارتی حکومت، افواج اور ان کی خفیہ ایجنسیوں نے دوبارہ بندوق اٹھانےپر مجبور کردیا ہے۔ کشمیر کے نوجوان حریت پسند پچھلے پندرہ سال سے بندوق کا استعمال ترک کر چکے تھے اور بھارتی حکومت سےمسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے منتظر تھے لیکن بھارتی حکومت کسی غلط فہمی کا شکار ہوگئی۔ کشمیر کے نوجوانوں کے اندر جذبہ حریت کا دوبارہ بیدار ہونا بھارت کی اپنی گھٹیا سوچ کا شاخسانہ ہے اور بھارت کو اس کے نتائج بھگتنے پڑیں گے۔ پاکستانی مداخلت کے متعلق بھارتی پراپیگنڈے کا ذکر کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی فورم پر کشمیریوں کی اصولی و سفارتی مدد ضرور کر رہا ہے تاہم عسکری سرگرمیوں سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ یہ تحریک کشمیریوں کی اپنی ہے جو اب دوبارہ مسلح روپ دھار رہی ہے۔ جموں فسادات کا تذکرہ کرتے ہوئے بشیر رٹوی نے کہا بھارت اپنی دہشت گرد تنظیموں کو علاقے میں منظم کر رہا ہے جس سے مسلم آبادی کی نسل کشی کا خطرہ ہے۔ بھارت کی اس گھناؤنی سازش کو کشمیری عوام مل کر ناکام بنائیں گے۔ تحریک آزادی کشمیر کسی مذہبی تنظیم کا پلان نہیں ہے بلکہ جموں کشمیر کے اندر بسنے والے تمام مذاہب کی مشترکہ جدوجہد ہے جو گزشتہ ستر برس سے بھارتی ظلم و ستم سے تنگ آئے ہوئے ہیں۔بھارت کے موجودہ وزیراعظم نریندر مودی بذات خود مسلم کش فسادات کے سرغنہ رہے ہیں لہذا ان سے امن کی امید رکھنا فضول ہے۔ ماضی میں وہ خود بھارت کے اندرہندو مسلم فسادات کو ہوا دے کر مسلم کشی کرواتے رہے ان کے پاس دنیا کو امن کا چہرہ دکھانے کو کچھ نہیں ہے سو دنیا ان کی باتوں کا یقین نہیں کر سکتی۔ اس موقع پر رزاق بھٹی نے اپنے اعزاز میں دی گئی خوبصورت ضیافت پر بشیر رٹوی صاحب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس خلوص کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ تقریب میں مسلم کانفرنس برطانیہ کے نائب صدر شیخ سرفراز انوارالحق اور مولوی رفیق نقشبندی اور دیگر نے بھی بشیر رٹوی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر مولوی رفیق نے استحکام پاکستان اور مجاہد اوّل کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی۔ علاوہ ازیں برمنگھم سے نمائندہ جنگ کے مطابق برمنگھم میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ نیا اور تبدیل پاکستان دہشت گردی کو شکست دینے کے بعد ملکی معیشت کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی جانب گامزن ہے۔ بھارت حکومت ایسے وقت میں پاکستان کو دھمکیاں دےکر اپنا آنے والا الیکشن جیتنے کا ڈرامہ رچانا بند کرے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قوم سے خطاب میں صحیح معنوں میں قوم کی ترجمانی کی، پاکستان سمیت اوورسیز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کا زبردست الفاظ میں خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر راجہ اسحٰق صابر، PTIمڈلینڈ کے صدر عابد زمان خٹک، کشمیر پی ٹی آئی برمنگھم کے صدر چوہدری عبدالغٖفور کھاڑک، جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرئوف مغل، زینب خان، تنظیم علماء برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات نشریات صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی اور دیگر نے کیا۔ راجہ اسحٰق صابر نے کہا کہ بھارت کا ہمیشہ وتیرہ رہا ہے کہ خود معاملات پیدا کرکے الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے ہم اسکے اس رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ چوہدری عبدالغٖفور کھاڑک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کی ترجمانی کرکے دل جیت لئے ہیں۔ بھارت کی حکومت کو تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے ٹھوس جواب دیا۔ عابد زمان خٹک نے کہا کہ بدلہ ہوا پاکستان ہر محاظ پر بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حاجی رئوف مغل نے کہا کہ عمران خان نے واضح اور دوٹوک جواب دیا، پوری قوم خوش ہے۔ زینب خان نے کہا کہ ایک جانب ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور دوسری جانب دفاع بھی مضبوط ہورہا ہے اور واضح پیغام بھی جارہا ہے۔ عالمی مبلغ اسلام صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے کہا کہ عمران خان نے بھرپور ترجمانی کرکے پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ بھارتی حکومت کو اسی جواب کا انتظار تھا اب دھمکیاں بند ہوجائیں گی۔

تازہ ترین