• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کے ایجنڈے پر سب متحد ہیں، عالمی برادری بھارت پر سفارتی دباؤ بڑھائے، پی پی رہنما

برمنگھم (نمائندہ جنگ) ہمارے سیاسی و نظریاتی اختلاف ایک جانب، آزاد کشمیر و پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں و لیڈر شپ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک ایجنڈے پر متحد و متفق ہیں۔ اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کمیشن کی بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پر مرتب کردہ رپورٹ، برطانوی پارلیمنٹری فیکٹ فائنڈنگ مشن اور یورپین ہیومن رائٹس کمیشن کے سامنے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بحث مسئلہ کشمیر پر عالمی سطح پر بڑا بریک تھرو ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر و سینئر پارلیمنٹیرین چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیر تعلیم محمد مطلوب انقلابی، سابق مشیر حکومت محمد سعید مغل، ایم پی ای میرپور خلقی صدر پی پی چوہدری قاسم مجید، ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی پی آزاد کشمیر صاحبزادہ ذوالفقار علی اور دیگر نے بیرسٹر تنویر چوہدری کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں پی پی مڈ لینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز، سینئر نائب صدر مرزا اختر محمود، آل جموں و کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ اسحق صابر، سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری یعقوب، سابق ممبر قانون ساز اسمبلی اوورسیز چوہدری محمد خان، نائب مغل، شہزاد اقبال، منور چوہدری، خالد کیانی صدر پی پی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ چوہدری لطیف اکبر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی۔ ہماری جماعت کی اعلیٰ قیادت شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر بینظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور اب نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری تک مسئلہ کشمیر اور حصول آزادی کیلئے بڑا ٹھوس اور واضح موقف رکھتی ہے۔ مسئلہ کشمیر اس وقتUNOکے پلیٹ فورم پر سب سے طویل حل طلب مسئلہ ہے۔ اب عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر سفارتی دبائو بڑھائے تاکہ حالیہ پیش رفت اقوم متحدہ کی بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پر مرتب کردہ رپورٹ، برطانوی فیکٹ فائنڈنگ مشن، یورپین ہیومن رائٹس کمیشن کے سامنے بحث کو سامنے رکھتے ہوئے بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کوUNOکی قراردادوں کو سامنے رکھتے ہوئے ریفرنڈم کا حق دے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ سابق وزیر و آزاد کشمیر کے متحرک رہنما محمد مطلوب انقلابی نے کہا کہ آج کے استقبالیہ میں پیپلز پارٹی کے علاوہ دیگر جماعتوں کی موجودگی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ چوہدری لطیف اکبر آزاد کشمیر کی سینئر اور مقبول قیادت ہے۔ بھارت سرکار اپنے الیکشن سے قبل خود دھماکے کراکر اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے۔ جو اس کی بھول ہے، اب میڈیا کا دور ہے اور اس طرح کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ پی پی ضلع میرپور کے صدر چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ کشمیری و پاکستانی قوم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ سابق مشیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای نے کہا کہ لطیف اکبر کی پارٹی خدمات قابل قدر ہیں، ان کی قیادت میں جماعت متحد ہوئی ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی پی آزاد کشمیر صاحبزادہ ذوالفقار علی نے کہا کہ بھارت پاکستان کو دھمکیاں دینے کے بجائے اپنی خیر منائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی مڈ لینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان و آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں و تحریکیں ایک صفحہ پر ہیں۔ مرزا اختر محمود، نائب حسین مغل نے بھی اظہار خیال کیا۔ بیرسٹر تنویر چوہدری نے مختصر نوٹس پر کثیر تعداد میں آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین