• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی، سابق کرکٹرز اور آئی سی سی ایمبیسیڈرز کی شرکت

لندن (نمائندہ جنگ)برطانیہ میں رواں برس منعقد ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے انعقاد میں ایک سو دن رہ جانے پر وسطی لندن میں ٹریفالگر سکوائر پر ٹرافی کی رونمائی ہوئی جس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایمبسیڈرز اور سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے شرکت کی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کی مقبولیت کا اندازہ میچ کے ٹکٹوں کی مانگ سے لگایا جاسکتا ہے۔ ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے متوقع ہیں، بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں فارم میں ہیں لیکن پاکستان کسی بھی وقت بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے جیسا کہ اس نے انگلینڈ میں ہی منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے دوران کیا تھا، انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ کون سی ٹیم جیتے گی یہ پیشگوئی کرنا بہت مشکل ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سرایلسٹر کک نے اس موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ اور انڈیا کی ٹیمیں فارم میں ہیں اور ان کے جیتنے کے امکانات روشن ہیں لیکن پاکستان کی ٹیم کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں کیونکہ وہ ایک بہترین ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں دنیا کی 10بہترین ٹیمیں حصہ لیں گی اور ان کی کارکردگی کے بارے میں قبل از وقت حتمی رائے قائم کرنا ہی ممکن نہیں۔ جیمز اینڈرسن نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ دنوں میں بہت امپروو کیا ہے اور ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ گریم سوان نے کہا کہ ٹورنامنٹ جیتنے کیلئے انگلینڈ فیورٹ ہے کیونکہ یہ اس کا ہوم گرائونڈ ہے اور یہاں گیند سوئنگ بھی کرے گی۔ لیکن انڈیا اور آسٹریلیا کی ٹیموں کو ہرانا بھی آسان نہیں ہوگا۔ ہیری جیڈ نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا نہ صرف برطانیہ میں بلکہ دنیا بھر میں انتظار کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے علاوہ سری لنکا ان کی بہترین ٹیم ہے انہوں نے پاکستانی کھلاڑی یونس خان کو زبردست کھلاڑی قرار دیا۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی کلائیو لائیڈ نے کہا کہ پی ایس ایل جیسے ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے نئے کھلاڑیوں کوتجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ اولمپک میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والی تیراک دبیکا ایڈنگٹن نے کہا کہ اب کرکٹ ٹورنامنٹ میں  صرف100دن رہ گئے ہیں اور تبدیل ہوتا موسم بھی ’’سمر‘‘ ک آنے کی نوید دے رہا ہے۔ اس موقع پر ٹریفالگر سکوائر پر چھوٹا سا مصنوعی کرکٹ میدان بھی تیار کیا گیا تھا جہاں سابق کرکٹ سٹار ناصر حسین اور دیگر نے بچوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔
تازہ ترین