• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرا کی میڈیا انڈسٹری کےمسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے کراچی میں پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) اور کیبل آپریٹرز کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میںچیئرمین پیمرا نے میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔چیئرمین پیمرا نے اسٹیک ہولڈرز بشمول پیمرا ،پی بی اے اور کیبل آپریٹرز پر مشتمل ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا، یہ کمیٹی بہتر طور پر انڈسٹری کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے ممکنہ حل کیلئے سفارشات مرتب کرے گی جو کہ اتھارٹی کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ انڈین مواد سے متعلق سپریم کورٹ کے تاحال فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر تمام ٹی وی چینلز اور کیبل آپریٹرزکے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رفاہ عامہ کے ایسے پیغامات جو معاشر ے میں آگاہی پیدا کرنے میں کارآمد ہیںجیسا کہ ڈیم فنڈز، صاف و سرسبز پاکستان اور ٹریفک قوانین سے متعلق پیغامات کو زیادہ سے زیادہ نشر کریں تاکہ ایک ذمہ دار معاشرہ عمل میں لایا جا سکے۔ کیبل آپریٹرزکے وفد نے پیمرا ریجنل آفس میں ملاقات کے دوران انڈ سٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ تمام کیبل نمائند گان نے انڈین چینل اور انڈین مواد کی بندش کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر انڈین مواد کی فراہمی پر تحفظات کا اظہار کیا جو کہ قانونی کاروبار کو ناقابلِ تلافی نقصان کا موجب بن رہا ہے۔ چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے تمام جائز مطالبات پر نظرثانی کرنے اور مناسب اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز اور اتھارٹی کے مابین باہمی روابط کو سراہااور اس عزم کا اظہارکیا کہ کیبل بزنس کے تحفظ کیلئے اتھارٹی ہر ممکن تعاون کرے گی اور قانون کے تحت تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19کے تحت ہر پاکستانی شہری کو آزایٔ رائے کا مکمل حق حاصل ہے۔ آئین کی رُو سے صحافتی آزادی میں بھی چند حدودوقیودمتعین ہیں جو کہ چند بنیادی اُصولوں اور قوانین کی پابند ہیں جس کے تحت کچھ مروجہ قوانین کی پاسداری کرناضروری ہے۔
تازہ ترین