• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلبھوشن کیخلاف عالمی عدالت انصاف کا بینچ 15ججز پر مشتمل

اسلام آباد (طارق بٹ ) پاکستانی فوجی عدالت سے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت پانے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس اس وقت عالمی عدالت انصاف (انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس) میں زیر سماعت ہے ، یہ عدالت 15ججز پر مشتمل ہے جس میں ایک کا تعلق بھارت سے ہے ۔عالمی عدالت انصاف میں پہلا کیس برطانیہ کی جانب سے البانیہ کیخلاف تھا جو 22مئی 1947میں داخل کیا گیا تھا۔ پاکستان کے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی جو کہ عالمی عدالت انصاف کے ایڈہاک جج ہیں منگل کے روز بیمار پڑ گئے جس کے باعث وہ اب کلبھوشن کیخلاف سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ نہیں ہیں ۔ بینچ میں شامل ججز کا تعلق چین ، سلواکیہ، فرانس، مراکش، برازیل، امریکا، اٹلی ، یوگینڈا ، بھارت ، جمیکا ، آسٹریلیا، روس ، لبنان ، جاپان اور بلجیم سے ہے ۔ صومالیہ سےتعلق رکھنے والے عبدالقوی احمد یوسف عالمی عدالت انصاف کے صدر ہیں جبکہ چین سے تعلق رکھنے والے زیو ہینجن اس کے نائب صدر ہیں ۔ ان ججز کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل 9سال کے عرصے کیلئے منتخب کرتی ہے ۔ ایک رجسٹری اس کی مدد کرتی ہے جو کہ اس کا انتظامی ادارہ ہوتا ہے ۔
تازہ ترین