• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سعودی ولی عہد 2 روزہ دورۂ بھارت پر پہنچ گئے، مودی نے استقبال کیا

نئی دہلی(جنگ نیوز)سعودی ولی عہد ، وزیر دفاع اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بھارت پہنچ گئے .


 نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ان کا خیر مقدم کیا،سعودی ولی عہد اپنے 2روزہ قیام کے دوران بھارتی قیادت سے انسداد دہشت گردی ، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔شہزادہ محمد بن سلمان میزبان بھارتی وزیراعظم کے علاوہ بھارتی صدر رام ناتھ کووند اور نائب صدر وینکیا نائیڈو سے بھی ملاقات کریں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں متعیّن سعودی سفیر نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی شراکت داری کے فروغ کے لیے آج ایک مشترکہ کونسل کے قیام کا بھی اعلان کیا جائے گا،اس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد کے اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے،ان شعبوں میں سرمایہ کاری ، توانائی کی سکیورٹی ، انفرااسٹرکچر اور دفاع شامل ہیں، دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون سے متعلق مفاہمت کی متعدد یاد داشتوں پر دستخط کیے جائیں گے، ولی عہد بھارت کے بعد چین جائیں گے۔ دوسری جانب سعودی ولی عہد کے دورہ بھارت کے دوران ریاست کیرالہ کے فارم ایکسپورٹرز پر امید ہیں کہ سعودی عرب ریاست سے پھل اور سبز یو ں کی درآمد پرعائد پابندی اٹھالے گا ۔ادھر غیر ملکی میڈیا نے کہا ہےکہ جمال خاشقجی کے قتل کے بعد عالمی سطح پر محمد بن سلمان کو شدید تنقید کاسامنا ہے ایسے میں سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کےدوران غیر معمولی پروٹوکول دیا گیا ، جب وہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے تو انہیں ایف 16 طیاروں نے حصار میں لے لیا جبکہ ان کی کار بھی وزیراعظم عمران خان نے خود ہی چلائی، اسکے علاوہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جبکہ انہیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی طرف سے سونے کی بندوق بھی بطور تحفہ پیش کی گئی۔

تازہ ترین