• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلبھوشن یادیو کیس انڈیا کو ایکسپوز کرنے کا بڑا موقع ہے، عندلیب عباس

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کی رہنما عندلیب عباس نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کیس انڈیا کو ایکسپوز کرنے کا ایک بڑا موقع ہے، پاکستان کے کرتارپور بارڈر کھولنے کے اقدام کو دنیا بھر میں سراہا گیا ،اشرف غنی انڈیا کے زیراثر ہیں انڈیا انہیں استعمال کر کے انتشار پھیلانے کی کوشش کرتا ہے، امریکا جس طرح افغانستان سے بھاگ رہا ہے وہ بھی خطرناک ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل( ر) عبدالقیوم،دفاعی تجزیہ کار ایئر وائس مارشل (ر) شہزاد چوہدری بھی شریک تھے جبکہ نمائندہ جیو نیوز دی ہیگ خالد حمید فاروقی سے بھی گفتگو کی گئی۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ انڈیا نے کلبھوشن کیس عالمی عدالت انصاف لے جاکر بڑی غلطی کی ہے، کلبھوشن یادیو کی صور ت انڈین دہشتگردی کو ایکسپوز کرنے کا موقع ہے، انڈیا افغانستان میں افغان حکومت میں طالبان کے ممکنہ کردار سے خائف ہے۔ شہزاد چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں امن سے انڈیا کی پاکستان میں دہشتگردی کم ہوجائے گی، بھارت کلبھوشن کو پھانسی سے نہیں بچانا چاہتا ہے، بھارت چاہتا ہے کلبھوشن آزاد ہوجائے ورنہ پاکستان اسے فوری طور پر پھانسی لگادے، اشرف غنی ایک مجبور آدمی ہے جسے مذاکرات سے بھی باہر رکھا گیا ہے، سی پیک سے مکمل فائدہ اٹھانے کیلئے شرقاً اور غرباً بھی پھیلانا پڑے گا۔عندلیب عباس نےکہا کہ کلبھوشن یادیو کیس انڈیا کو ایکسپوز کرنے کا ایک موقع ہے، پاکستان پہلے ہی انڈیا کو دنیا کے سامنے ایکسپوژ کررہا ہے، انڈیا پاکستان کیخلاف دہشتگرد ریاست کا پراپیگنڈہ کررہا ہے حالانکہ وہ پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے،پاکستان کے کرتارپور بارڈر کھولنے کے اقدام کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، پاکستان نے انسانی ہمدردی کے تحت کلبھوشن سے اس کی فیملی کی ملاقات کروائی، کلبھوشن معاملہ میں ٹیکنیکل اور قانونی جنگ کے ساتھ پراپیگنڈہ جنگ بھی بہت اہم ہے۔ عندلیب عباس کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مذ اکر ا ت کروانے اور کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، افغان صدر کے پاکستان کے اندرونی معاملا ت پر بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ وہ افغان امن عمل سے خوش نہیں ہیں، اشرف غنی انڈیا کے زیراثر ہیں جب بھی صورتحال بہتر ہوتی ہے انڈیا انہیں استعمال کر کے انتشار پھیلانے کی کوشش کرتا ہے، عالمی سطح پر پاکستان کے موقف اور خارجہ پالیسی کو بہت زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔

تازہ ترین