• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کرنیوالے افسران کو انعام، 16افسران کو فی کس 5 لاکھ دینے کا حکم جاری

کراچی (اسد ابن حسن) جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی ایف آئی اے کی ٹیم کے 16ممبران کو فی کس 5لاکھ روپے انعام دینے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ واضح رہے کہ جے آئی ٹی کے 30سے زائد ممبران تھے جن میں لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے افسران بھی شامل تھے مگر جن افسران کو رقم دی جارہی ہے، ان میں سے 12کا تعلق سندھ سے ہے جبکہ تین پنجاب زون اور ایک کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔ مجموعی طور پر 80لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے جبکہ مذکورہ جے آئی ٹی ارکان پر دوران تحقیقات، رہائش، کھانا اور سفری سہولیات کی مد میں 5کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوئے۔ انعامی رقم دینے کی سفارش جے آئی ٹی کے سربراہ احسان صادق نے کی جس کو ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن نے منظور کرلیا۔ احسان صادق کے انعام کی رقم کا فیصلہ ڈی جی بعد میں کریں گے کہ ان کو کتنا ’’انعام‘‘ دیا جائے۔ انعام پانے والوں میں اسلام آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد بلال، پنجاب زون کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز آفتاب بٹ، رئیس احمد باجوہ اور بلال طارق جبکہ کراچی کے ڈی ڈی علی مردان اور محمد احمد زعیم اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد علی ابڑو، سراج پنہور اور احمد نعیم سندھو، انسپکٹرز محمد اقبال، راشد بھٹی اور عبدالجبار میندھرو، سب انسپکٹرز ذیشان اعوان، منصور مہمند، عدنان دلاور اور محمد شفیع شامل ہیں۔ مذکورہ فیصلے کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاؤنٹس ہیڈکوارٹر نواز احمد خان نے اسلام آباد، پنجاب زون اور سندھ زون کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اکاؤنٹس کو ہدایت کی ہے کہ انعام کی رقم فروری کی ملنے والی تنخواہ کے ساتھ ہر صورت ادا کردیئے جائیں۔
تازہ ترین