• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس دینے والوں کو سہولت ، ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ٹیکس چور ملک اور قوم کے دشمن ہیں‘ ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی‘ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس چوروں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے، ٹیکسز ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنے کی بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے ، ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے لئے آسانی اور ان کی سہولت کاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت منگل کے روزملک میں ریونیو اکٹھا کرنے کے سلسلے میں کیے جانے والے حکومتی اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس کے دوران دی ۔پرائم منسٹر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس اکٹھا کرنے، ٹیکس بیس میں اضافے اور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کے لئے کیے جانے والے نئے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتا یا کہ ہائی نیٹ ورتھ افراد کے چھ ہزار سے زائد کیسز زیرِ غور ہیں جن سے کل دو ارب سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔ اب تک ان میں 1.3ارب کی وصولی کی جا چکی ہے ۔ بریفنگ میں بتا یا گیا کہ معلومات اور تحقیقات کے چھیاسٹھ کیسزپر کام جاری ہے جن میں سے اب تک 1.5ارب روپے سے زائد کی وصولی کی جا چکی ہے۔
تازہ ترین