• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کاخطاب، بھارت اوردنیا کو بھرپور پیغام،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی پلوامہ حملہ پر تقریر بہت نپی تلی متوازن تھی، دنیا اور انڈیا کو بھرپور پیغام دیدیا گیا،بھارت پلوامہ حملے پر صرف الزامات لگارہا ہے اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے، بھارت اپنے صحافیوں کے سوالات کا جواب دے نہیں پا رہا پاکستان کو ثبوت کہاں سے دے گا، پلوامہ حملے کا بینیفشری انڈیا اور مودی کے علاوہ کوئی نہیں ہے،ضمانت کے بعد شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالنا چاہئے تھا،ملک میں سرمایہ کاری بڑھنے کی امید ہے۔ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، بابر ستار، حسن نثار، حفیظ اللہ نیازی، بینظیر شاہ اور ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کے مطالبے پر کیا بھارت پلوامہ حملے کا ثبوت فراہم دے گا؟ حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی پلوامہ حملہ پر تقریر ان کی آج تک کی بہترین تقریر ہے، ملفوف انداز میں بھارت کو پاکستان کی مضبوطی کا پیغام دیدیا ہے،بھارت صرف الزامات لگارہا ہے کوئی ثبوت نہیں، وزیراعظم نے جو سوالات اٹھائے انڈیا کے اندر بھی لوگ یہ سوال کررہے ہیں۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ انڈیا ہم سے بہتر جانتا ہے کہ پاکستان حملہ میں ملوث نہیں پاکستان کو کشمیر میں مداخلت کی ضرورت نہیں کیونکہ ہر کشمیری خود چلتا پھرتا بم نظر آرہا ہے۔

تازہ ترین