• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب سے ادھا ر تیل حاصل کرنے کیلئے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد (مہتاب حیدر ) پاکستان اور سعودی عرب نے 3ارب ڈالر سے زائد کی تاخیری ادائیگی (ادھار پر )سے تیل کی سہولت حاصل کرنے کیلئے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں ،دی نیوز کو پتہ چلا ہے کہ اسلام آباد کو ممکنہ طور پر آئندہ مہینے سے ہر ماہ تیل کی درآمدات کیلئے 25کروڑ ڈالرکی رقم مل سکے گی جس کی ادائیگی بعد میں کی جائے گی۔ محکمہ خزانہ میں اعلیٰ حکومتی ذرائع نے منگل کے روز دی نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے دوران تاخیری ادائیگیوں پر تیل کی سہولت کے لئے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں اور اسلام آباد ہر ماہ 25کروڑ ڈالر مالیت کا تیل حاصل کرسکے گا ۔ تاہم متحدہ عرب امارات کی جانب سے تاخیری ادائیگیوں پر تیل فراہم کرنے کے معاہدے پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے ۔حکومتی ذرائع کے مطابق ادائیگیوں میں مہلت سے ادائیگیوں میں توازن میں مدد ملے گی تاہم موجودہ اکائونٹ خسارے کی وجہ سے بیرون ملک ذر مبادلہ کے ذخائر میں پر ماہ ایک ارب سے لیکر ڈیڑھ ارب ڈالر تک کی کمی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جب تک اس خسارے پر قابو نہیں پالیا جاتا ہم خود کو ادائیگیوں کے روز کے ڈینجر زون سے باہر نہیں سمجھتے ۔ جولائی 2008کے بعد سے دوست ممالک سے 6ارب ڈالر کی امداد جس میں تین ارب ڈالر سعودی عرب سے ، ایک ارب ڈالر متحدہ عرب امارات سے اور دو ارب ڈالر چین کی جانب سے شامل ہیں کے باوجود اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس ذر مبادلہ کے ذخائر اب بھی کمی کا شکار ہیں جو 8ارب ڈالر سے کچھ زیادہ ہیں ۔ پاکستان کو اس وقت دوجانب سے مشکلات کا سامنا ہے ،جاری کھاتے کے خسارے اور ملک سے بڑے پیمانے پر ڈالر کے باہر جانے کی وجہ سے اس کے ذر مبادلہ کے ذخائر گر رہے اور دوسری جانب غیر ملکی قرضوں کا حجم تیزی سے بڑھتا جارہا ہے ۔ سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حافظ اے پاشا نے منگل کے روز رابطہ کرنے پر بتایا کہ سعودی عرب ایک ایسے موقع پر پاکستان کی مدد کیلئے آیا ہے جب اسلام آباد کو بیرونی محاذ پر شدید مشکلا ت کا سامنا ہے ۔
تازہ ترین