• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئٹزرلینڈ سے معلومات کے تبادلہ کا معاہدہ مؤثر ہو گیا

اسلام آباد (مہتاب حیدر) وفاقی ادارہ برائے محصولات (ایف بی آر) نے سوئٹزرلینڈ کے ساتھ دوگنی محصول کاری سے گریز کے معاہدہ میں ترمیم کرکے دونوں ممالک کو اس قابل بنادیا ہے کہ وہ بینکنگ اور مالی تفصیلات کی معلومات تک رسائی حاصل کرسکیں۔ ایف بی آر نے بینکنگ یا مالی معلومات تک رسائی کیلئے (معلومات کے تبادلے) آرٹیکل 25 میں ترمیم کی ہے۔ ایف بی آر کے ایک اعلیٰ افسر نے دی نیوز کو تصدیق کی ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ دوگنی محصول کاری سے گریز اور معلومات کے تبادلے پر کام شروع ہوچکا ہے جیسا کہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں ایف بی آر کو اس حوالے سے منظوری دے دی۔ ایف بی آر نے پیر کو اسٹیچوٹری ریگولیٹری آرڈر (ایس آر او) 187 (1) 2019 جاری کردیا جس کے تحت پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان دوگنی محصول کاری سے گریز کے معاہدہ میں ترمیم کی گئی، اس معاہدے میں (معلومات کے تبادلے) آرٹیکل 25 کو ترمیم کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات تک رسائی کیلئے اور زیادہ تفصیلی طریقہ کار وضع کردیا گیا ہے۔
تازہ ترین