کوئٹہ میں جگہ جگہ قائم فوڈ پوائنٹس اور ہوٹلوں کے کھانوں کا معیار جانچنے کیلئے کوئی اتھارٹی ہی نہیں ہے،ماہرین طب کے مطابق ہوٹلز ریسٹورنٹس کے کھانوں سے بیمار ہونے والے افراد کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے۔
بلوچستان میں فوڈاتھارٹی کا ایکٹ 2014ءمیں منظور ہوا تھا ، چار ماہ قبل ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کی پوسٹ پر انیس گریڈ کے ایک افسر شان الحق کی پوسٹنگ بھی ہوچکی ہے،جبکہ اس سال فوڈ اتھارٹی ڈپارٹمنٹ کیلئے پی ایس ڈی پی میں بجٹ بھی رکھا گیا ہے لیکن فوڈ اتھارٹی کے تاحال عملی طور پر اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں۔
اس سلسلے میں محکمہ خوراک کے سیکرٹری محمد اصغر حریفال نے بتایا کہ فوڈ اتھارٹی سے متعلق تمام تجاویز حکومت کو بھیج دی گئی ہیں اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے فنڈ بھی منظور ہوا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہاکہ فوڈ اتھارٹی کے قیام کے لئے تیزی سے کام جاری ہے اور جلد فوڈ اتھارٹی کامحکمہ فعال ہوجائے گا۔