• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بارش کی پیشگوئی مگر نالوں کی صفائی نہ ہو سکی

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کے باوجود سیوریج اور برساتی نالوں کی صفائی نہیں کی جاسکی ہے۔

کراچی کے گجر نالے، نہر خیام سمیت چھوٹے بڑے سیوریج اور برساتی نالوں میں کچرے اور گندگی کے ڈھیر ہونے کے باعث نکاسی آب نہ ہونے کے برابر ہے۔

شہر کراچی میں شدید بارش کی صورت میں ان نالوں سے پانی ابلنے ، ملحقہ سڑکوں اور علاقوں میں داخل ہونے کا خدشہ لاحق ہے۔

ماضی میں بھی شہر کے نالوں کی صفائی نہیں ہوتی ہے اور اگر کی بھی جاتی ہے تو گندگی اور غلاظت نکال کر باہر ہی ڈھیر کر دی جاتی ہے جو بعد میں بارش ہوتے ہی دوبارہ ان نالوں میں جا گرتی ہے اور پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ کا سبب بنتی ہے۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں انتظامیہ کی جانب سے گجر نالے کے اطراف سے آپریشن کرتے ہوئے مکان اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا گیا تھا تاکہ ان نالوں کی صفائی میں آسانی ہو سکے۔

تاہم اس کے باوجود گجر نالے اور دیگر نالوں میں پڑی گندگی اور کچرے کے ڈھیر پانی کی نکاسی میں واضح رکاوٹ بنے ہوئے شہری انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

ادھر محکمہ موسمیات نے آج پھر کراچی سمیت سندھ میں کہیں کہیں پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے، شہر کا مطلع مستقل ابر آلود ہے، شہر میں ہوائیں چلنے اوراور بادل چھائے رہنے کے باعث موسم خوشگوار ہے۔

کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود ہے، ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، مستونگ، پشین، خضدار، قلات، مسلم باغ، زیارت سمیت شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری ہے۔

سندھ کے شہروں پڈ عیدن ، نوشہرو فیروز اور گردنواح میں بھی بارش ہوئی ہے،ضلع بدین میں آسمان پر چھائے بادلوں نے موسم خوشگوار کر دیا ،جبکہ سردی کی شدت میں بھی کمی آئی ہے۔

لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، مالم جبہ، بنوں، کالام، بالاکوٹ اور مری میں 24 گھنٹے کے دوران ہلکی بارش ہوئی، اس دوران کالام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گوپس، مالام جبہ، بگروٹ میں منفی 6، اسکردو میں منفی 5، ہنزہ، دیر، دروش اور استور میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں 21، لاہور میں 9، پشاور میں 5، کوئٹہ میں صفر، مظفر آباد میں 2، فیصل آباد میں 6، ملتان میں 7 اور حیدر آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، ژوب، مکران، قلات، سبی، نصیر آباد ڈویژن، خیبرپختون خوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں پر موسلا دھار بارش کے علاوہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

تازہ ترین