• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’آغا سراج درانی کی گرفتاری ’تشویشناک‘ ہے‘‘

پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹرمولابخش چانڈیونے اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے تشویشناک  قرار دے دیا۔

سینیٹر مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ آغا سراج ایک شخص نہیں بلکہ اسپیکر سندھ اسمبلی ہیں، انہیں ایسے کیسے گرفتار کیا جا سکتا ہے، نیب کی کارروائی سے لگتا ہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کےاسلام آباد آنے کا انتظار کیا گیا۔

ُپی پی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ گرفتاری اگر قانونی ہے تو آغا سراج کو کراچی گرفتار کرنے کے بجائے اسلام آباد سے کیوں اٹھایا گیا ؟ آخر ہتھکڑیاں لگا کر کراچی لے جانا کیا پیغام دے گا؟

انہوںنے کہا کہ وفاقی دارالحکومت تمام صوبوں کا ہے، کسی ایک جماعت کا نہیں ہے انہیں اسلام آباد سے گرفتار کر کے ایک خطرناک تاثر دیا گیا ہے۔

مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ وفاق کو صوبوں اور صوبوں کو وفاق کے نمائندوں کا احترام کرنا ہوگا، اگرایسا رویہ رہا تو وفاقی حکومت کے نمائندے صوبوں میں غیرمحفوظ ہو جائیں گے۔

مولابخش چانڈیونے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ اس حکومت نے ملک و قوم کو افراتفری کے سوائے کچھ نہیں دیا۔

مولابخش چانڈیونےکہا کہ تحقیقات وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور وفاقی وزیر دفاع کیخلاف بھی جاری ہیں، آخرتحریک انصاف کے ان رہنمائوں کو کیوں کوئی پوچھنے والا نہیں۔

تازہ ترین