• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی احتساب بیورو (نیب) نے زیرحراست اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا۔

آغا سراج درانی کو ایئرپورٹ سے نیب کےہیڈ آفس پہنچا یا گیا،جہاں سیکیورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں درانی ہاؤس کےباہرسندھ کابینہ کے ارکان نے دھرنا دیا ہوا، جس کے دوران نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔

نیب نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں اور سرکاری فنڈز میں خورد برد کے الزام میں اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔

بعدازاں احتساب عدالت نے آغا سراج درانی کا تین روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اُنہیں 3 دن میں کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آغا سراج درانی کے اہل خانہ سے ٹیلی فون پررابطہ کیا ہے، جس کے دوران نیب چھاپے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ہماری قیادت کو ماضی میں بھی ہراساں کیا گیا،نیب کسی کو گھر میں داخل ہونےکی اجازت نہیں دے رہا۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ نیب افسران کارویہ متعصبانہ ہے، آغا سراج درانی کی گرفتاری پرقومی اسمبلی میں بھرپورآوازاٹھائیں گے۔

مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ نیب جرم ثابت کرنے کے بعد گرفتاریاں کرے۔

تازہ ترین