• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیٹوک ایئرپورٹ پر افراتفری کے بعد ڈرون نوفلائی زون میں توسیع کا فیصلہ

لندن ( نیوز ڈیسک ) حکومت نے کہا ہے کہ دسمبر میں گیٹوک پر افراتفری اور تعطل کے پیش نظر ایئرپورٹس کے اطراف ڈرونز کیلئے ’’ نو۔فلائی زون‘‘ کے دائرے میں توسیع کی جائے گی 13مارچ سے کسی ایئرپورٹ کے اطراف تین میل کے دائرے میں ڈرون کی پرواز غیر قانونی ہوگی جبکہ موجودہ حد0.6میل ( ایک کلومیٹر) ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہے کہ پولیس کو ڈرونز کے غلط استعمال پر اسے روکنے اور تلاشی کے اختیارات دیئے جائیں۔ واضح رہے کہ رن وے کے قریب ڈرون دیکھے جانے کے بعد گیٹوک پر طیاروں کی آمدورفت ایک دن سے زیادہ بند رہی۔ اس کے نتیجے میں پھیلنے والی افراتفری کے باعث 1000سے زائد پروازیں اور تقریباً 140000مسافر متاثر ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سے ایئرپورٹس ڈرونز کا سراغ لگانے کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے تھے مگر انہیں مسلسل ایئرپورٹ کی عمارت کے نزدیک غیر قانونی پروازیں نظر آ رہی تھیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ کرس گریلنگ نے کہا ہے کہ قانون بالکل واضح ہے کہ کسی ایئرپورٹ کے نزدیک ڈرون کی پرواز ایک سنگین جرم ہے۔ ہم اب ایک قدم آگے بڑھ کر اپنے ایئرپورٹس اور آسمانوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ’’ نو۔فلائی زون‘‘ کے دائرے میں توسیع کر رہے ہیں۔
تازہ ترین