• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہناج القرآن آئرلینڈ کے زیر اہتمام درود و سلام کی محفل کا انعقاد

لمرک آئرلینڈ(فرخ وسیم بٹ) تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیراہتمام منہاج نعت کونسل آئرلینڈ کے رکن علی بٹ قادری کی رہائش گاہ لمرک میں درود و سلام کی ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن کے رفقا و اراکین ،سیاسی، سماجی، مذہبی اہم شخصیات کے علاوہ بچوں نے بھی بھر پور شرکت کی ،محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت عزیر سلطان نے حاصل کی جب کہ نعت رسول مقبولﷺ منہاج نعت کونسل آئرلینڈ کے رکن علی بٹ قادری نے ادا کی ،اس کے بعد تمام شرکاء محفل نے اجتماعی طور پر حضور نبی اکرمﷺ کے حضور درود شریف پڑھا ۔منہاج القرآن آئرلینڈ کے میڈیا سیکرٹری احمد فیاض نے درود و سلام کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درودوسلام ایک منفرد اور بے مثل عبادت شاندار و مقبول عمل اور قرب خداوندی و قرب نبویﷺ کا بہترین ذریعہ ہے حضور نبی اکرمﷺ پر درود و سلام بھیجنے کے عمل کا سنت الٰہیہ ہونا جہاں شان مصطفویﷺ کی بے مثلیت کی نمائندگی کرتا ہے وہاں اس عمل خاص کی فضیلت بھی حسین پیرائے میں اجاگر کرتا ہے یہ وہ مقدس عمل ہے جو ہمیشہ کے لئے زوال و انحطاط اور تغیر و تبدیلی کے اثرات سے محفوظ ہے کیونکہ یہ سنت الٰہیہ ہے اور سنت الٰہیہ میں کوئی تبدیلی نہیں آتی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم اس دیار غیر میں اپنے ایمان اور اپنی نسلوں کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں تو ہمارے لئے اس طرح کی محافل کا انعقاد کرنا بہت ضروری ہے۔ آخر میں تمام حاضرین نے حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ اقدس میں کھڑے ہو کر درود و سلام پیش کیا اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری کی صحت و تندرستی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ محفل میں حاجی میاں عبدالقدیر ،احمد فیاض،نعیم اشرف ،ذیشان احمد،محمد طارق،محمد سرمند، میجر (ر) یاسر محمود ،مدثر آغا ،حبیب خان، اسامہ قدیر، علی بٹ قادری،عزیر سلطان اور ذوہیب بٹ قادری بھی شریک تھے۔
تازہ ترین