• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے اعزاز میں نغمانہ ہاشمی کا عشائیہ

برسلز (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے اعزاز میں بلجیم اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے اپنی رہائش گاہ پر عشائیے کا اہتمام کیا۔ عشائیے میں یورپین پارلیمنٹ کے ممبران اولاوو ہینکل، سجاد کریم ،جین لیمبرٹ، جولی وارڈ، کرول کارسکی اور واجد خان، برطانوی پارلیمنٹ کے رکن راجہ محمد افضل خان، بیرونس نوشینہ مبارک، برسلز پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر منظور ظہور اور راجہ جاوید نے شرکت کی۔ سفیر پاکستان نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم 1997میں اقوام متحدہ میں تھے وہاں ہمیں بتایا گیا کہ روانڈا کے قتل عام سے قبل اقوام متحدہ میں روانڈا سے ایک کال موصول ہوئی تھی لیکن اس پر بروقت اقدام نہ ہونے سے وہاں ایک ملین سے زیادہ لوگ مارے گئے۔ اسی طرح یورپ آجکل بریگزیٹ میں مصروف ہے اور پلوامہ حادثے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی افواج کو ہر طرح کے ظلم کیلئے امیونٹی دے دی ہے۔ گویا انہوں نے اپنی افواج کو قتل عام کا لائسنس دے دیا ہے۔ انہوں نے یورپین قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ ہو کہ کوئی معمولی حادثہ بڑی تباہی کا سبب بن جائے۔ برطانیہ سے لیبر پارٹی کے رکن راجہ افضل خان نے کہا کہ آج انڈیا برطانیہ سے زیادہ اپنے دفاع پر اخراجات کر ہا ہے حالانکہ وہاں 360ملین سے زیادہ لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑا تنازعہ کشمیر ہی ہے۔ اگر یہ مسئلہ حل ہو جائے تو پورا خطہ ترقی کر سکتا ہے۔ ہمیں مسائل کے حل کے ذریعے اجتماعی ترقی کا سبب یورپ سے سیکھنا چاہئے۔ اس موقع پر کشمیر کونسلر ای یو کے چیئرمین علی رضا سید ، سردار صدیق خان، برطانیہ سے راجہ نجابت خان اور کونسلر یاسمین ڈار، آندرلیخت کمیون اور 1000برسلز کمیون سے کونسلرز عامر نعیم اور ناصر چوہدری، ای یو پاک فیڈریشن کے چوہدری پرویز، ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد آصف میمن، اکنامک منسٹر عمر حمید،پریس قونصلر سیدہ سلطانہ رضوی، ایچ او سی گیانچند، ثاقب رئوف، سلیمان چوہدری، نعمان احمد، علی ستار وزیر اعظم کے سٹاف اور بیلج کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تازہ ترین