• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آغا سراج درانی کی گرفتاری حکومتی بدنیتی ہے، قاری عباس

بریڈفورڈ (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ میں مذہبی امور کے صدر علامہ قاری محمد عباس اور پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں پیپلز پارٹی کے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی اسلام آباد سے گرفتاری کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے تشویشناک قرار دیا ہے، اس سے عمران خان کی حکومت کی بد نیتی کھل کر سامنے آگئی ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اور حکومت ایسی کارروائیاں کر کے انہیں ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کر رہی ہے اور صوبائی سطح ہر نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی پر بھی نیب کی طرف سے بھی الزامات ہیں انہیں کیوں گرفتار نہیں کیا جا رہا، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے آغا سراج درانی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہ سراج درانی سندھ اسمبلی کے سپیکر ہیں انہیں اس طرح کیسے گرفتار کیا جا سکتا ہے اور جرم ثابت ہونے سے قبل گرفتاری کیسے ہو سکتی ہے، ابھی تو صرف انکوائری چل رہی ہے۔ وزیراعظم سمیت وفاقی وزرا کے خلاف بھی انکوائریاں جاری ہیں،کیا ان کے ساتھ بھی یہی رویہ اپنایا جائے گا۔حکومت ہوش کے ناخن لے ایک طرف انڈیا پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے ایسی صورت حال میں حکومت اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر کے مُلک میں افراتفری پیدا کر نے کی کوشش کر رہی ہے جو کہ پاکستان کیلئے کسی بھی طرح سودمند نہیں، حکومت کو چاہئے تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر پاکستان کی معاشی صورت حال کو بہتر بنانے کیلئے مل کر اقدامات کرتی۔ انہوں نےکہا کہ کشمیر میں پلوامہ کے واقعہ کے بعد بھارتی فوجیوں کی درندگی کشمیری مسلمانوں پر حد سے بڑھ گئی ہے، ظلم وستم کی انتہا کر دی گئی ہے ان کے گھروں کو جلایا جا رہا ہے، نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسائی جا رہی ہیں اور شہید کیا جارہا ہے۔ عالمی سطح پر انڈیا کا سیاہ اور مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے پوری پاکستانی اور کشمیری عوام کو متحد ہونا چاہئے۔ ہم اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، دنیا میں امن کی دعویدار تنظیموں و تمام مسلم اور غیر مسلم ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنا اہم کردار ادا کر کے کشمیری عوام کو انڈیا کے ظلم و جبر سے نجات دلائیں۔
تازہ ترین