• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوائن فلو سے بچائو کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ بزدار

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےکہا ہے کہ سوائن فلو سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ،مرض سے بچاؤ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے، سوائن فلو کے مریضوں کے علاج معالجے پر مکمل توجہ دی جائے اور مطلوبہ ادویات کی وافر فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سوائن فلو کی روک تھام ، احتیاطی اقدامات اور علاج معالجے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کروں گا۔وزیراعلیٰ نے بہاولپور میں سوائن فلو سے خاتون کے جاں بحق ہونے کے حوالے سے محکمہ صحت سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے پر بھارتی پراپیگنڈے کے بعد وزیراعظم عمران خان کاوزیر اعظم کا بھارت کو جواب قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی ہے ، عمران خان نے مدلل انداز میں پاکستان کا اصولی موقف پیش کیا ہے، پاکستان پر بھارتی الزام تراشی بلاجواز ہے،بھارتی واویلا حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے،تحقیقات اور ثبوتوں کے بغیر پاکستان پر الزام لگانا انتہائی شرمناک ہے۔ پاکستان کی طرف سے امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔عثمان بزدار سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی طرح مخصوص شہروں کیلئے وسائل مختص نہیں کیے جائیں گے بلکہ نئے پاکستان میں ہرعلاقے کویکساں ترقی دیں گے۔تحریک انصاف کی حکومت ترقی وخوشحالی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کرجائے گی۔ حکومت عوام سے کیے گئے وعدے نبھائے گی ۔عثمان بزدار نے مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زبان ناصرف جذبات کے اظہار و خیال کا ذریعہ ہے بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہی ہوتی ہے۔ آج کے جدید دور میں مادری زبان کا فروغ اہم ضرورت ہے۔ زبان قوم کو شناخت اور پہچان دیتی ہے اور مادری زبان کا تحفظ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔ عثمان بزدار نے خیبر پختونخوا کے سابق گورنر امیر گلستان جنجوعہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔    
تازہ ترین