• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد پولیو مہم، پہلے روز2لاکھ 38ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں جاری خصوصی انسداد پولیو مہم کے پہلے دن 2لاکھ 38ہزار 679بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔ موجودہ انسداد پولیو مہم نالہ لئی کے سیوریج میں ’’وائلڈ پولیو وائرس‘‘ کے پازیٹو آنے کے بعد حکومت پنجاب کی ہدایات پر ہنگامی طور پر شروع کی گئی ہے۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر راشد خان نے محکمانہ بریفنگ میں کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہنگامی مہم کے100 فیصد نتائج حاصل کئے جائیں گے۔ وہ بچے جو امتحانات کی چھٹیوں کی وجہ سے گھروں میں ہیں اُن کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی بچے کا ڈیٹا راولپنڈی کی ٹیموں کے پاس ہے اور وہ کسی دوسرے شہر میں مہمان گیا ہے تو فون کے ذریعے رابطہ کر کے اسے وہاں بھی پولیو قطرے پلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہم راولپنڈی کی پانچ تحصیلوں میں جاری ہے اور تمام ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر بچے کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔ ڈاکٹر راشد خان نے کہا کہ موجودہ ہنگامی مہم کے دوران 16یونین کونسلوں میں جہاں پولیو کا ماحولیاتی نمونہ پازیٹو ملا ہے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان یونین کونسلوں میں10 سال تک کی عمر کے بچوں کو بھی پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائینگے-
تازہ ترین