• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نظام صحت کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات قابل تعریف ہیں،عوامی حلقے

کوئٹہ(خ ن)عوامی حلقوں اور ڈاکٹروں کی جانب سے موجودہ صوبائی حکومت کے نظام صحت کی بہتری اور شعبہ سے وابستہ افراد کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی ہدایات ، وزیر صحت میر نصیب اللہ مری کی خصوصی دلچسپی اور سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد کی ذاتی کاوشوں سے عنقریب جامعہ بلوچستان سے تین نئے میڈیکل کالجز کا الحاق کردیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ جھالا وان ، مکران اور لورالائی میڈیکل کالجز کے پہلے بیچ میں طلباء کی پڑھائی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ رواں سال دوسرے بیچ کیلئے بھی طلباء کو داخلہ دیا جائے گا ۔ نو قائم کردہ میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم طلباء اور ان کے والدین اس امر سے نہایت تشویش کا شکار تھے کہ مذکورہ کالجز کے طلباء کا مستقبل کیا ہوگا کیونکہ ان میڈیکل کالجز کاتاحال الحاق ملک یا صوبے کی کسی یونیورسٹی کے ساتھ نہیں کیا گیا جبکہ رواں سال ان طلباء کے’’ فرسٹ پراف‘‘ کے امتحانات بھی لئے جانے ہیں ۔ اس پریشان کن صورتحال کا اد راک کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری صحت نے یونیورسٹی آف بلوچستان کو مذکورہ تین میڈیکل کالجز کو الحاق کرنے کیلئے مراسلہ ارسال کیا جس کی بناء پر جامعہ بلوچستان کی ایک ٹیم نے تینوں میڈیکل کالجز کا تفصیلی دورہ کیا اور کالجز میں تعلیمی سر گرمیوں و سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سراہا جوکہ یقیناً ان میڈیکل کالجز کے اساتذہ اور پرنسپلز کی شب و روز محنت کا نتیجہ ہے ۔ مزید برآں جلد ان تینوں میڈیکل کالجز کا الحاق یونیورسٹی آف بلوچستان سے کردیا جائے گا اور ایک باقاعدہ اعلامیہ کے ذریعے الحاق کے عمل کی تکمیل کی جائے گی جس سے طلباء اور والدین کو اس حوالے سے لاحق پریشانی سے چھٹکارہ حاصل ہوگا اورطلباء کی کالجز سے حاصل کی ہوئی ڈگری بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہوگی۔
تازہ ترین