• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے غلطی کی تو پاک فوج کے شانہ بشانہ جواب دینگے، رحمت بلوچ

کوئٹہ(پ ر)نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب صدر و سابق وزیر رحمت صالح بلوچ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت نے کوئی بھی حرکت کی تو ایسا جواب دیاجائے گا کہ خطے کا جغرافیہ تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ سبوتاژ کرنے کیلئے بھارت نے خود پلوامہ میں حملہ کرایااور تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزام لگاکر سعودی سرمایہ کاری متاثرکرنے کی کوشش کی لیکن سعودی ولی عہد کا خود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر کہنا اور 20ارب ڈالرکے معاہدے کرنا مودی کے منہ پر طمانچہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی قیادت الیکشن مہم چلانے کیلئے پاکستان کی مخالفت کا سہارا لے رہی ہے اور اس کے سرپر جنگ کا جنون سوارہے لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پورے ملک اور بالخصوص بلوچستان کابچہ بچہ وطن پر مرمٹنے کیلئے تیارہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کوئی بھی غلطی کی تو ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے بھارت کو جواب دینگے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں مظالم کے بعد کشمیری عوام میں موت کاخوف ختم ہوچکاہے اوروہ ہرقیمت پر بھارت سے آزادی چاہتے ہیں ہم ان کی اخلاقی اور سیاسی مدد کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارت کو بھرپور جواب دینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ پرلیکن قومی سالمیت کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں۔
تازہ ترین