• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیب پی ٹی آئی کا آلہ کار ہے۔

سعید غنی کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کے حوالے سے اپنے ردعمل کااظہار کررہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اگر بات کرے تو کہا جاتا ہے کہ سندھ کارڈ استعمال کیا جا رہا ہے، انکوئری کے مرحلے پر گرفتاری ہوتی ہے تو وزیر اعظم سمیت دیگر کو بھی گرفتار کیا جائے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ سب کے ساتھ یکساں رویہ رکھا جائے، احتساب کے نام پر تماشہ ہو رہا ہے، غیر قانونی حراست پر چیئرمین نیب کا ضمیر نہیں جاگتا ہے؟

وزیر بلدیات سندھ نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی ہر پلیٹ فارم پر جائے گی اور مقابلہ کرے گی، نیب بنا ہی پیپلز پارٹی والوں کے لیے ہے جو ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک ہوٹل سے نیب نے گرفتار کر لیا۔

نیب نے اسی روز ہی آغا سراج درانی احتساب عدالت میں پیش کر کے ان کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ لیا تھا اور انہیں کراچی منتقل کر دیا تھا۔

آج کراچی کی احتساب عدالت میں آغا سراج درانی کو پیش کیا جارہا ہے، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما عدالت میں موجود ہیں۔

تازہ ترین